لکھنؤ : سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے منگل کو یوگی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت نے اپنے پورے میعاد کار میں سماج کو تقسیم کرنے اور نفرت پھیلانے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا ہے ۔ یادو نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے آتھ سال پورے ہونے پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جھوٹ، لوٹ اور بے ایمانی کی پالیسی پر چلتے ہوئے بی جے پی حکومت نے ریاست کو مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کی تاریکی میں دھکیل دیا ہے ۔ سرکاری رقم کے غلط استعمال اور جھوٹے پرچار سے بی جے پی حکومت بدعنوانی، خستہ حال نظم ونسق اور ناکامیوں کو چھپانا چاہتی ہے لیکن عوام سب جان چکے ہیں۔وہ بی جے پی کو سال 2027 کے اسمبلی الیکشن میں سبق سکھانے کو تیار بیٹھے ہیں۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے ، سرمایہ کاری اور زیرو ٹالیرنس کے نام پر ریاست کی عوام کو دھوکہ دینے کا کام کیا ہے ۔ پوری ریاست میں ناانصافی، ظلم و زیادتی شباب پر ہے ۔ غریبوں کو انصاف نہیں مل رہا ہے ۔ اقتدار کے تحفظ میں دبنگوں کی داداگیری چل رہی ہے ۔ اقتدار میں اعلی عہدے سے لے کر تھانے، تحصیل تک افسران، ملازمین بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ ہر کام میں کمیشن خوری اور منافع خوری کی انتہا ہوگئی ہے ۔
یادو نے کہا کہ جھوٹے اشتہارات سے چاہئے بی جے پی حکومت جتنے بڑے بڑے دعوی کر لے زمینی سچائی کا سبھی کو اچھے سے علم ہے ۔ عوا م کی گاڑی کمائی لٹانے والی بی جے پی حکومت کو کبھی معافی ملنے والی نہیں ہے ۔ اترپردیش صحت، تعلیم، روزگار ہر میعار میں پچھڑتی جارہی ہے ۔ نظم ونسق کی حالت لگاتار خراب ہوتی جارہی ہے ۔ بیٹیوں، خواتین کے ساتھ مجرمانہ واردات میں اترپردیش سب سے اوپر پہنچ گیا ہے ۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے چھیڑ خانی کے واردات یومیہ سامنے آرہے ہیں۔