حکومت نے ملک کے آئین و دستور کو پامال کیا ہے : مولانا محمود مدنی

,

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: جمعیۃ العلماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید محمودمدنی نے سی اے اے کیخلاف جمعیۃ کے زیراہتمام ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملک کے دستور اور اس کے آئین کی پامالی کی ہے۔ مذہب کی بنیاد پر شہریت قانون میں تفریق کے ذریعہ آئین کے بنیادی ڈھانچہ پر ضرب لگاکر غداری جیساکام کیا ہے۔

مولانا مدنی نے ملک بھر میں خواتین کی جانب سے صدائے احتجاج بلند کرنے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جو خواتین پردہ کے اہتمام کے ساتھ مظاہرہ گاہوں میں ثابت قدم ہیں ان کے ساتھ ہمارا تعاون ہے اوررہے گا۔ ان کو کسی رعب، کسی دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوہر چیز منظور ہے مگر یہ منظور نہیں ہے کہ جو آزادی ہم نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر حاصل کی تھی وہ ہم سے چھین لی جا ئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سرکار اقتدار کے نشہ میں دھت ہے لیکن یاد رکھیں طاقت و کرسی ہمیشہ نہیں رہتی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے او رنہ ہم مظلوموں کو شہریت دینے کے خلاف ہیں۔ ہم دنیا کے تمام انسانوں کو برابر سمجھتے ہیں۔