نئی دہلی۔23؍اگست ( ایجنسیز ) مرکزی حکومت نے پرانی گاڑیوں کے رجسٹریشن کی رینیوول فیس میں اضافہ کر دیا ہے۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کی مرکزی وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ 20 سال سے زیادہ پرانی گاڑیوں کیلئے رجسٹریشن کی رینیوول فیس دوگنی کر دی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پرانی گاڑیاں خریدنے سے لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔نئے اصول کے مطابق 20 سال سے پرانی لائٹ موٹر وہیکلز کی رنیول فیس اب 5,000 روپے سے بڑھا کر 10,000 روپے کر دی گئی ہے۔ تین پہیوں اور کواڈری سائیکلوں کی رنیول فیس 3500 روپے سے بڑھا کر 5000 روپے کر دی گئی ہے۔بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی گاڑیوں کی بات کریں تو ٹو وہیلر یا تھری وہیلر کی رنیول فیس 20 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح چار یا اس سے زیادہ پہیوں والی گاڑیوں کی رنیول فیس 80,000 روپے کر دی گئی ہے۔ان تبدیلیوں کیلئے ترمیم کا مسودہ وزارت نے فروری میں جاری کیا تھا اور اسے 21 اگست کو حتمی شکل دی گئی۔ اس سے قبل اکتوبر 2021 میں وزارت روڈ ٹرانسپورٹ نے موٹر سائیکلوں، تین پہیوں اور کاروں کے رجسٹریشن اور رنیول کی فیس میں اضافہ کیا تھا۔اس ماہ کے شروع میں سپریم کورٹ نے دہلی میں پرانی پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے مالکان کو عارضی راحت دی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ 10 سال سے زیادہ پرانی ڈیزل گاڑیوں اور 15 سال سے زیادہ پرانی پٹرول گاڑیوں کے مالکان کیخلاف چار ہفتوں تک کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ دہلی حکومت نے پرانی گاڑیوں پر پابندی سے متعلق 2018 کے عدالتی حکم پر نظرثانی کی درخواست کی تھی۔