حیدرآبادیکم جنوری(یواین آئی) ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو)کے سربراہ کے سیون نے کہا ہے کہ حکومت نے چندریان 3پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے ۔انہوں نے
میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ دوسری خلائی بندرگاہ کے لئے اراضی کے حصول کا کام شروع کیا گیا ہے اور اس خلائی بندرگاہ کی تعمیر تمل ناڈو کے تھوٹوکنڈی میں عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے چندریان 2پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہم نے چندریان2پر کافی پیشرفت کی،حالانکہ ہم اس کو کامیابی کے ساتھ چاند کے جنوبی قطب پر نہیں اتارسکے ،یہ آربیٹر ہنوز کام کررہا ہے ،یہ آئندہ سات سال تک کام کرے گا تاکہ سائنس ڈاٹا بھیج سکے ۔سیون نے کہا کہ چندریان 3کی تربیت کا کام اس کے پیشرو کی طرز پرکیاجائے گا۔چندریان 3میں بھی لینڈر اور روور ہوگا۔انہوں نے کہاکہ چاند کے تیسرے مشن سے متعلق تمام سرگرمیاں آسانی کے ساتھ جاری ہیں۔چندریان 3سے دیگر سٹلائیٹس کے پروگرام متاثر نہیں ہوں گے ۔چندریان 3کے علاوہ اسرو کے سربراہ نے جاریہ سال 25سے زائد مشنس کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے چندریان 3کے لینڈنگ کے مقام کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ خلائی ایجنسی اسی مقام پر چندریان 3کی لینڈنگ کروانا چاہتی ہے جس مقام پر چندریان 2 کے لینڈر کی کریش لینڈنگ ہوئی تھی۔یہ کریش لینڈنگ چاند کی سطح سے کچھ لمحوں کے فاصلہ پر ہوئی تھی۔انہوں نے چندریان 3کے مصارف کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ لینڈر اور روور پر 250کروڑ روپئے کے اخراجات عائد ہوں گے ۔اس مشن کے جملہ اخراجات 250اور 365کروڑروپئے ہوں گے ۔