نئی دہلی : مودی حکومت کے خلاف اپوزیشن کو اکٹھا کرنے کی کوششوں کے درمیان حکومت نے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے ایک دن قبل 19 جولائی کو آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے ۔مانسون اجلاس 20 جولائی سے شروع ہو کر 11 اگست تک جاری رہے گا اور اس دوران کل 17 نشستیں ہوں گی۔ذرائع کے مطابق پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو بات چیت کے لیے بلایا ہے تاکہ پارلیمنٹ کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلایا جا سکے ۔اپوزیشن جماعتوں کے سخت رویے کے پیش نظر حکومت کی کوشش ہوگی کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ قانون سازی کا کام مکمل کیا جاسکے ۔اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے اپوزیشن پارٹیاں مرکز میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا دل کے خلاف متحرک ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں حال ہی میں بہار میں اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کی میٹنگ ہوئی ہے ۔ اپوزیشن جماعتیں معیشت، بے روزگاری، مہنگائی اور کسانوں کی حالت جیسے مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی تیاری کر رہی ہیں۔