حکومت نے 6 برسوں میں حضور نگر کی ترقی کو نظر انداز کردیا

   

ٹی آر ایس کو ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں، انتخابی جلسہ سے اتم کمار ریڈی اور پدماوتی ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ حضور نگر کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دیں اور برسر اقتدار پارٹی کے لالچ میں نہ آئیں۔ حضور نگر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ وہ ناگزیر حالات میں رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں اور انہیں حضور نگر کے عوام کی خدمت کا احساس ہے۔ وہ زندگی بھر عوام کے احسان کے قرضدار رہیں گے۔ گزشتہ 6 برسوں میں حکومت نے حضور نگر میں ایک بھی ترقیاتی کام انجام نہیں دیا ۔ میں نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے کئی ترقیاتی کام انجام دیئے ۔ آبپاشی کی سہولتوں کو بہتر بنایا گیا تاکہ کسانوں کی فصلوں کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ 2009 ء سے 2014 ء تک حضور نگر کی ترقی کیلئے 2000 کروڑ کے فنڈس حاصل کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولتوںکی فراہمی کے علاوہ فلاحی اسکیمات پر توجہ دی گئی ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ تلنگانہ تحریک کے دوران امریکہ میں تھے ۔ ریاست کی تشکیل کے بعد وہ لوٹنے کے لئے وطن واپس ہوئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پدماوتی ریڈی 30,000 سے زائد ووٹوں کی اکثریت سے کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے ٹی آر ایس پر کمزور طبقات کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ کابینہ میں مادیگا طبقہ کو نمائندگی نہیں دی گئی۔ پدماوتی ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ سیدی ریڈی کے کامیاب ہونے پر حضور نگر میں روڈی ازم کا آغاز ہوگا۔ ٹی آر ایس دولت اور سرکاری مشنری کے بل پر کامیابی کا منصوبہ رکھتی ہے جبکہ کانگریس کی کامیابی حضور نگر میں امن ترقی کو یقینی بنائے گی۔