عادل آباد رمس کا معائنہ ، مریضوں سے ملاقات ، دواخانہ کی ابتر حالت کا تذکرہ ، کے کویتا کی میڈیا سے بات چیت
عادل آباد ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اُردو میڈیا سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کی توجہ دہانی پر تلنگانہ جاگروتی صدر شریمتی کے کویتا نے مستقر عادل آباد کے رمس (RIMS)دواخانہ کا معائنہ کرتے ہوئے جہاں ایک طرف مریضوں سے ملاقات کی وہیں دوسری طرف رمس دواخانہ کی ابتر حالت کا بھی نظارہ دیکھا ۔ عادل آبادہ دورہ کے دوسرے دن ایک خانگی ہوٹل میں پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہوکر انھوں نے ریاستی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے ۔ کانگریس دورِ حکومت میں عوام مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ انھوں نے خانگی کالجس کی جاری ہڑتال کی بھرپور تائید کرتے ہوئے چیف منسٹر پر الزام عائد کیاکہ فیس ری ایمبرسمنٹ کی عدم ادائیگی کے بنا پر غریب طلباء کی تعلیم متاثر ہورہی ہے جبکہ قبل ازیں چیف منسٹر نے فیس ری ایمبرسمنٹ ادا کرنے کا ایوان اسمبلی کو تیقن دیا تھا ۔ کلیان لکشمی ، شادی مبارک اسکیم کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی پر ایک تولہ سونا دینے کا بھی وعدہ کیا گیاجس کی عدم عمل آوری کے بناء پر غریب لڑکیوں کی شادیاں متاثر ہورہی ہیں۔ حکومت نے ایک کڑور خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا بھی وعدہ کیا تھا وہ بھی برفدان کی نذر ہوچکا ہے ۔ عادل آباد دواخانہ کی ابتر حالت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ عادل آباد رمس میں خاطر خواہ علاج نہ ہونے کے بناء پر بیماروں کو علاج کی غرض سے دیگر مقامات منتقل کیاجارہا ہے ۔ جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کے پیش نظر مسلم ووٹوں کو راغب کرنے کی خاطر مسٹر محمد اظہرالدین کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ شریمتی کویتا نے کہاکہ عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کرنے کی خاطر وہ اضلاع کا دورہ کررہی ہیں ۔ اس موقعہ پر کویتا نے چیف منسٹر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انٹرپرائیزس کا ایک نیا قلم دان ایجاد میں لاتے ہوئے مسٹر محمد اظہرالدین ریاستی وزیر کو دیا گیا جو تعجب خیز بات ہے۔ کویتا نے بوتھ کو ریونیو ڈیویژن کا درجہ دینے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ عادل آباد میں آر بی ٹی ٹاور مکمل ہونے کے بعد حکومت کو مختلف کمپنیاں لانے کی خواہش کی ۔ عادل آباد میں ایئرپورٹ کی تعمیر کے لئے ایک ہزار ایکر اراضی درکار ہے جس سے اراضی کے اطراف کے رہائشی مکان متاثر ہونے کے امکانات ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اُنھیں متبادل اراضی فراہم کریںاور عادل آباد کی ترقی کو متاثر نہ کریں ۔ عادل آباد شہر کے قلب میں تعمیر ہونے والے اووربرج اور انڈر برج تعمیر کو یقینی بنانے عادل آباد کے بی جے پی قائدین سے خواہش کی گئی ۔ نظام آباد انکاؤنٹرس میں ہلاک ہونے والے شیخ ریاض کے افراد خاندان سے ملاقات نہ کرنے کی توجہ عادل آباد نمائندہ سیاست محبوب خان کی جانب سے دلانے پر شریمتی کے کویتا نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ عادل آباد سے نظام آباد واپسی کے فوری بعد شیح ریاض کے افراد خاندان سے ہمدردانہ ملاقات کریں گی ۔ تلنگانہ جاگروتی صدر عادل آباد کے بعد اندرویلی اور اوٹنور کیلئے روانہ ہوئی ۔