حکومت و عہدیداروں کا شمس آباد کے ساتھ سوتیلا سلوک

   

آرگنیش گپتا و دیگر کا پریس کانفرنس میں شدید ردعمل

شمس آباد ۔ /19 ستمبر (سیاست نیوز) شمس آباد میں تلگودیشم پارٹی کی جانب سے پریس میٹ منعقد کی گئی ۔ آرگنیش گپتا تلگودیشم اسٹیٹ آرگنائزنگ سکریٹری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ شمس آباد میونسپلٹی میں کئی مسائل ہیں ۔ عہدیداروں کو مسلسل یادداشت پیش کرنے کے باوجود مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوئے ہیں ۔ شمس آباد کے تقریباً سبھی محلات میں مسائل ہیں ۔ کچرے کی عدم صفائی ، ڈرینیج کا گندہ پانی سڑکوں پر بہہ رہا ہے ۔ کئی محلات میں پانی کی عدم سربراہی ، مچھر کش دوا کا چھڑکاؤ نہیں کیا جارہا ہے ۔ کچرے کی عدم صفائی کی وجہ سے مچھروں کی کثرت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس سے ملیریا ، ڈینگو و دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ خنزیروں کی تعداد میں کافی اضافہ ہوچکا ہے ۔ رات کے اوقات شمس آباد کے ہر چوراہے پر آوارہ کتوں کی وجہ سے عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ شمس آباد میونسپلٹی کی جانب سے صرف نیشنل ہائی وے پر صفائی کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ نیشنل ہائی وے پر وزراء و دیگر اہم شخصیتوں کی آمد و رفت کی وجہ سے یہاں پر صفائی وقت پر کی جارہی ہیں جبکہ اندرونی محلات کو بالکل نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ حکومت نے گھر گھر کو پانی کی سربراہی کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پر ابھی تک عمل نہیں ہوا ۔ ٹی آر ایس حکومت انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ شمس آباد میں 60 ضعیف حضرات کے پنشن منسوخ کردیئے گئے ۔ 57 سال کی عمر کے افراد سے درخواست حاصل کرنے کے باوجود انہیں پنشن منظور نہیں ہورہا ہے ۔ جس کی وجہ سے ضعیف حضرات خاص کر خواتین کو مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ محمد جہانگیر نے مچھر کش دوا کی عدم چھڑکاؤ کی وجہ سے 58 ہزار روپئے مالیتی مشین بھی میونسپلٹی کو فراہم کیا ۔ اس کے باوجود میونسپلٹی عہدیدار شمس آباد کے ساتھ سوتیلا سلوک کررہی ہے ۔ 30 روزہ حکومت کی پالیسی پر صحیح عمل نہ کرنے پر چار سرپنچوں کو معطل کیا گیا لیکن اب تک ایک بھی عہدیدار کو معطل نہیں کیا گیا ۔ گنیش گپتا نے کہا کہ اندرون ہفتہ شمس آباد کے مسائل کو حل نہ کرنے پر شدید احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ۔