حکومت پارلیمنٹ سیشن سے قبل سونیا گاندھی کے تعاون کیلئے کوشاں

   

وزیر پارلیمانی اُمور پرہلاد جوشی کی سی پی پی لیڈر سے ملاقات ۔پارلیمانی سیشن کا 17 جون کو آغاز
نئی دہلی 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیر پارلیمانی اُمور پرہلاد جوشی نے آج کانگریس پارلیمنٹری پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی سے ملاقات کی اور 17 جون کو شروع ہونے والے پارلیمنٹ سیشن کی پُرسکون کارروائی کے لئے اُن کی پارٹی کا تعاون چاہا۔ جوشی نے سونیا گاندھی کی قیامگاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا والوں کو بتایا کہ سی پی پی لیڈر کے ساتھ ہماری میٹنگ کافی خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ ہم نے پارلیمنٹ میں پُرسکون کام کاج کے لئے اُن کا تعاون طلب کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وہ (اپوزیشن) بھی سرکاری بنچوں سے تعاون چاہتی ہے۔ میں نے اُنھیں بتایا کہ حکومت ہمیشہ تعاون کے لئے تیار رہی ہے۔ پرہلاد کے ہمراہ مرکزی وزراء نریندر سنگھ تومر اور ارجن رام میگھوال تھے۔ پارلیمانی سیشن سے قبل کابینی کمیٹی برائے پارلیمانی اُمور کی آج وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کی قیامگاہ پر میٹنگ متوقع ہے۔ راجناتھ اِس کمیٹی کی میٹنگ کے سربراہ ہوں گے، جس کے ارکان میں وزیرداخلہ امیت شاہ شامل ہیں۔ 17 ویں لوک سبھا کا پہلا سیشن 26 جولائی تک چلے گا اور بجٹ 5 جولائی کو پیش کیا جائے گا۔ جوشی کی سونیا گاندھی سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات حکومت کی اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ذرائع نے کہاکہ آج کی میٹنگ تقریباً 15 منٹ چلی۔ جوشی نے راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور لوک سبھا میں ایوان کے ڈی ایم کے لیڈر پی آر بالو سے بھی ملاقات کی۔ بجٹ کی پیشکشی کے علاوہ حکومت کا منصوبہ ہے کہ 10 نئے آرڈیننس کو قانون میں تبدیل کیا جائے جن میں بہ یک وقت تین طلاق کے رواج پر امتناع سے متعلق آرڈیننس شامل ہے۔