حکومت پارلیمنٹ میں اہم مسائل پر بحث نہیں ہونے دیتی

   

اپوزیشن کی آواز دبائے جانے پر پرینکا گاندھی کا اظہار تشویش

نئی دہلی :کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اس وقت وائناڈ دورے پر ہیں۔ 3 روزہ دورے کے آخری دن انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ برسراقتدار طبقہ پارلیمنٹ میں اہم مسائل پر بحث نہیں ہونے دے رہا ہے۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے حکومت پر اپوزیشن کی آواز دبا کر جمہوری عمل کو کمزور کرنے کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔پرینکا گاندھی نے میڈیا کو بتایا کہ مرکزی حکومت کا نظریہ کسی بھی طرح سے اہم مسائل پر بحث کو ٹالنا ہے۔ اس کے لیے برسراقتدار طبقہ کے اراکین پارلیمنٹ مختلف ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں۔ اپوزیشن کی آواز مبینہ طور پر دبائے جانے سے متعلق سوال پر کانگریس لیڈر نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ میں بحث کو روکا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے گزشتہ کچھ اجلاس میں دیکھا ہے کہ ان کی (مرکزی حکومت کی) پالیسی کسی بھی طرح سے بحث کو ٹالنے کی ہے۔ چاہے وہ اپوزیشن کے ذریعہ احتجاج کیے جانے والے کسی مسئلہ کو اٹھانا ہو، یا پھر اپوزیشن کے لیڈر کو بولنے کی اجازت نہ دینا ہو۔پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں جمہوری عمل کو اثردار طریقے سے کام نہیں کرنے دے رہی۔ یہ اراکین پارلیمنٹ کیلئے انتہائی افسوسناک ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن پر اکثر پارلیمنٹ میں رخنہ ڈالنے کا الزام عائد کیا جاتا ہے لیکن اس حکومت میں یہی طریقہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ حکومت خود ہی پارلیمانی کارروائی میں رخنہ اندازی کر رہی ہے جو شاید سبھی کے لیے نئی بات ہے۔