حکومت پاکستان آئی ایم ایف کی غلام،کلبھوشن کیلئے قانون سازی

,

   

پی پی پی کے صدرنشین بلاول بھٹو کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

اسلام آباد : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی غلام ہے اور عوام کے لیے قانون سازی کے بجائے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی اور بے روزگاری کی تکلیف میں ہیں اور حکومت مزید مہنگائی کی باتیں کر رہی ہے، پیٹرول کی قیمت کم کریں تو ہم حکومت کا ساتھ دیں گے۔حکومت آئی ایم ایف کی غلام ہے، پی ٹی آئی اور آئی ایم ایف ڈیل کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے لیکن آئی ایم ایف کے کہنے پر پارلیمان کے ہاتھ نہیں باندھے جا سکتے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا زبردستی قانون سازی کی حکومت کی کوشش کو عدالت میں چیلنج کریں گے، اس قانون سازی کے ذریعے بیرون ممالک پاکستانیوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی عوام کی توہین کی جا رہی ہے، حکومت نے آئی ایم ایف کی غلامی کرتے ہوئے عوام سے روٹی بھی چھین لی ہے، اسٹیٹ بینک کو پارلیمنٹ اور عدالتوں کو جوابدہ ہونا چاہیے، اسٹیٹ بینک پارلیمان کو جوابدہ ہونا چاہیے۔مردم شماری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ متنازع مردم شماری کو ہم نے الیکشن کی حد تک مانا تھا، ہم نے مردم شماری کے ایک حصہ کو دوبارہ چیک کرنے کا مطالبہ کیا تھا، مشترکہ مفادات کونسل میں سندھ نے اپنے اعتراضات اٹھائے تھے، سی سی آئی سب فیصلے اتفاق رائے سے کرتا ہے لیکن متنازع مردم شماری کا فیصلہ اتفاق رائے سے نہیں اکثریتی ووٹ سے کیا گیا۔