اسلام آباد۔ پاکستان کے نئے وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے مالی امداد کے بدلے میں ایندھن پر دی جانے والی سبسڈی کم کرنے اور تجارتی ٹیکس معافی اسکیم ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔ حکومت پاکستان ان سفارشات سے متفق ہے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)نے بحران سے دوچار پاکستانی معیشت کے فروغ دینے کے لیے سن 2019 میں ہی 6 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری دی تھی لیکن اس نے ملک میں اصلاحات کی رفتار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قرض کی فراہمی کی رفتار سست کردی تھی۔ پاکستان کے نئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے خبر رسا ں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پٹرول پر سبسڈی کم کرنے اور تجارتی ٹیکس سے چھوٹ کی اسکیم کو ختم کرنے کی آئی ایم ایف کی سفارشات سے متفق ہیں۔ انہوں نے بحران سے دوچار پاکستانی معیشت کو فروغ دینے کے لیے مرحلہ وار اصلاحات کا بھی عزم ظاہر کیا۔