فرنٹ لائن ورکرس سے کئے گئے وعدوں کو ہنوز پورا نہیں کیا، صرف خدمات کا اعتراف ناکافی: سی پی آئی (ایم)
جموں: سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تریگامی کا کہنا ہیکہ مرکزی سرکار کو اپنے پروگراموں کا نام ’آتم نر بھر بھارت‘ کی بجائے ’ریلائنس انڈیا‘ رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے شہروں میں ریلائنس کے شو روم کھلنے سے یہاں کے دکاندار بے روز گار ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے آشا ورکروں، آنگن واڑی ورکروں اور دیگر ورکروں کے ساتھ جو وعدے کئے تھے انہیں پورا نہیں کیا گیا۔ سی پی ایم لیڈر نے ان باتوں کا اظہار آج یہاں آشا ورکروں کے احتجاج کے دوران میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ آشا ورکرس اپنے مطالبات خاص طور پر قانون اقل ترین اجرت لاگو کرنے کیلئے احتجاج کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ پورے ملک میں اسکیموں میں کام کرنے والی آشا ورکرس، آنگن واڑی ورکرس وغیرہ نے کورونا صورتحال میں اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر فرنٹ ورکرس کے بطور کام کیا جس کو عوام اور حکومت دونوں تسلیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے ان فرنٹ لائن ورکرس کے ساتھ کچھ وعدے کئے تھے لیکن ان کو پورا نہیں کیا گیا جبکہ 45 ویں لیبر کانفرنس نے بھی ان ورکروں کو ورکرس کا درجہ دینے کی سفارش کی تھی۔ تریگامی نے کہا کہ ان ورکروں کو موت واقع ہونے کی صوت میں کچھ مخصوص رقم دینے کا بھی وعدہ کیا گیا تھا لیکن حقیقت یہ ہیکہ حکومت نے آج تک ان کا کوئی کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کے شہروں میں ریلائنس کے شو روم کھولے جا رہے ہیں جن سے یہاں کے دکانداروں کا روزگار ختم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ریلائنس لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہماری حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے پروگراموں کا نام ’آتم نر بھر بھارت‘کے بجائے ’ریلائنس انڈیا‘ رکھے۔