کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی سیاست سوشیل میڈیا پر منحصر، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کا الزام
حیدرآباد ۔2۔ ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بارش اور سیلاب کی صورتحال پر سیاست کرنے کے بجائے امدادی کاموں میں حکومت سے تعاون کریں۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے الزام عائد کیا کہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ سوشیل میڈیا کے ذریعہ اپنی سیاست چلا رہے ہیں۔ کھمم میں بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے افسوس کا اظہار کیا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کی مدد کرنے اور حکومت سے تعاون کرنے کے بجائے کے ٹی آر اور ہریش راؤ سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر اپوزیشن پارٹیوں کو امدادی کاموں میں حکومت سے تعاون کرنا چاہئے۔ سوشیل میڈیا کے ذریعہ حکومت پر کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ دونوں قائدین سوشیل میڈیا کے ذریعہ اپنی سیاست چلا رہے ہیں۔ انہیں بارش سے متاثرہ عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے ۔ بھٹی وکرمارکا نے کہاکہ متاثر علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو ہمت دلانے کے بجائے کے ٹی آر اور ہریش راؤ ٹوئیٹر اور واٹس ایپ کے ذریعہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بھٹی وکرمارکا اور ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ اور پی سرینواس ریڈی متاثرہ علاقوں کا مسلسل دورہ کرتے ہوئے امدادی کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کے پاس حکومت پر تنقید کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے نمائندے اور کانگریس قائدین عوام کے درمیان رہ کر ریلیف کے کام انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر سے لے کر ارکان اسمبلی تک ہر کوئی امدادی کاموں مصروف ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ آئندہ 24 گھنٹوں تک بارش کے امکانات کے پیش نظر نظم و نسق کو چوکس رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں برقی کی سربراہی کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ ریاست کے دیگر علاقوں میں بلا وقفہ برقی سربراہی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپس میں منتقل کئے گئے خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی جارہی ہے۔ 1