سنگاریڈی۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع میں بلڈوزر سیاست کرنا شرمناک حرکت ہے۔ عوامی حکومت کا دعویٰ کرنے والی سرکار دلتوں کے خلاف بلڈوزر سیاست کر رہی ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ بات سی پی ایم ضلع سکریٹری گولاپلی جے راجو نے کہی انہوں نے متاثرہ خاندان کے افراد کے ساتھ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دفتر پہنچ کر ایس بی آر آئی رمیش کو ایک تحریری شکایت پیش کی۔ اس موقع پر جے راجو نے کہا کہ کوہیر منڈل کے سجاپور گاؤں میں دلت نوجوان راملو نے اپنی ذاتی زمین پر مکان تعمیر کیا تو چند افراد نے غیر قانونی طور پر مکان کو منہدم کر دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث تمام افراد کو فوری گرفتار کیا جائے اور متاثرہ دلت خاندان پر درج جھوٹے مقدمات کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حالیہ پنچایت انتخابات میں ووٹ نہ دینے کی وجہ سے انتقامی کارروائی کے طور پر یہ حملہ کیا گیا، جو نہایت ہی قابلِ مذمت ہے۔ جے راجو نے کہا کہ راملو کے مکان کی تعمیر ہو رہی تھی، اس کے باوجود جے سی بی کے ذریعے مکان کو منہدم کر دیا گیا، چنانچہ انصاف کیا جائے۔ اس موقع پر سی پی ایم ضلع سکریٹریٹ کے رکن اے مانک، قائدین کرشنا، اشوک، شیوا، مہیش، کمار، متاثرہ راملو اور موضع کے دیگر افراد موجود تھے۔
