کانگریس کی قائد میناکشی نٹراجن کی گجویل میں پدیاترا، اے ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر کے اسمبلی حلقہ گجویل میں کانگریس کی قائد میناکشی نٹراجن کی ’’سرودیا سنکلپ‘‘ پدیاترا میں حصہ لیا اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کسانوں سے انصاف نہیں ہوتا کانگریس پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ غریب کسانوں سے دھان نہ خریدنے پر گجویل کے چوراہے پر کے سی آر کو پھانسی دی جائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر ایک طرف کسانوں کو دھان کی کاشت نہ کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں دوسری طرف خود اپنے فارم ہاؤز میں 150 ایکر اراضی پر دھان کی کاشت کررہے ہیں جو کے سی آر کے فارم ہاؤز کا دھان خریدیں گے انہیں ہی کسانوں سے دھان خریدنا پڑے گا۔ ریجنل رنگ روڈ کے نام پر یہاں کے غریب کسانوں کی حکومت اراضیات چھین رہی ہے۔ یہاں پر اراضی کی مارکٹ قدر فی ایکر اراضی 3 تا 5 کروڑ روپئے ہے مگر حکومت 10 لاکھ روپئے فی ایکر اراضی کا معاوضہ دے رہی ہے۔ کے سی آر کے فارم ہاؤز میں 500 ایکر اراضی ہے۔ فی ایکر اراضی 10 لاکھ روپئے کے حساب سے چیف منسٹر قبول کریں اور اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں میں اپنی اراضی تقسیم کریں۔ ملناساگر، کونڈ پوچماں ساگر ذخیرہ آب میں 50 ایکر اراضی پانی میں ڈوب گئی۔ کے سی آر نے اپنے فارم ہاؤز کیلئے کونڈا پوچماں ساگر سے بہتر بنالئے۔ اپنے رشتہ دار کاویری سیڈس کے مالک کی اراضی کو بچانے کیلئے ذخیرہ آب کاری ڈیزائن کیا گیا۔ غریب لوگوں کی اراضیات کو پانی میں ڈوباکر خود اپنی اراضیات کا تحفظ کرلئے۔ یہ پدیاترا غریب کسانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے کی جارہی ہے۔ دھرانی پورٹل میں کئی نقائص ہیں جس سے کسان کافی پریشان ہیں۔ میناکشی نٹراجن کی جانب سے پدیاترا کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کانگریس کے کارکنوں کو مکمل میناکشی نٹراجن کے ساتھ رہنے کا مشورہ دیا۔ن