سنگین صورتحال سے عوام بے خبر، محمد علی شبیر کا بیان
حیدرآباد: سابق وزیر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت کورونا کے کسیس اور اموات کی حقیقی تعداد چھپا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی جانب سے جاری کئے جانے والے ہیلت بلیٹن میں ہوشیاری کے ساتھ حقائق کی پردہ پوشی کی گئی ہے ۔ کورونا سے فوت ہونے والے افراد کی تعداد اور دیگر ہاسپٹلس میں مرنے والوں کے بارے میں اطلاعات میں کافی فر ق ہے۔ حکومت مریضوں اور اموات کی تعداد کو مخفی رکھتے ہوئے اس سنگین مسئلہ پر عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ کورونا کے سبب خانگی ہاسپٹلس میں ہونے والی اموات کو سرکاری فہرست میں شامل نہ کرتے ہوئے تلنگانہ میں اموات کی شرح کم ظاہر کی جارہی ہے ۔ ہیلت بلیٹن میں ظاہر کردہ اموات حقیقی اموات کا محض 10 فیصد ہیں۔ ریاست میں قبرستان اور شمشان گھاٹ میتوں سے بھرے پڑے ہیں لیکن حکومت عوام کو حقائق سے ناواقف رکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن نے کورونا ٹسٹوں کے سلسلہ میں وہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے تھے، ان کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ انتہائی کم ہے۔ چیف منسٹر ابتداء ہی سے کورونا کے خطرہ کے بارے میں عوام کو گمراہ کر رہے ہیں جس کے نتیجہ میں عوام کی کثیر تعداد کورونا کا شکار ہوگئی اور اموات کی شرح میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مریضوں اور اموات کی حقیقی تعداد سے عوام کو واقف کرایا گیا۔
