حکومت پٹواری بھرتی امتحان گھوٹالے کو روک سکتی تھی: سرجے والا

   

بھوپال: کانگریس کے جنرل سکریٹری اور مدھیہ پردیش کے پارٹی امور کے انچارج رندیپ سرجے والا نے آج دعویٰ کیا کہ ریاست میں حال ہی میں سامنے آنے والے مبینہ پٹواری بھرتی امتحان گھوٹالہ کو روکا جا سکتا تھا اور اس کے منظر عام پر آنے کے بعد بھی ریاستی سطح کی تحقیقات کیوں نہیں کرائی گئی۔ نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران مسٹر سرجے والا نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے گھوٹالوں کے لیے ریاست کے کروڑوں نوجوانوں کے مستقبل کو قربان کر دیا ہے ۔ اس دوران انہوں نے ریاست کے مبینہ ویاپم گھوٹالہ، ڈیمٹ گھوٹالہ، نرسنگ گھوٹالہ اور پٹواری بھرتی امتحان گھوٹالہ کا ذکر کیا۔مسٹر سرجے والا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے پٹواری بھرتی امتحان گھوٹالے کی تحقیقات کی بات کی، لیکن سچائی یہ ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ آج تک نہیں آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پٹواری بھرتی اسکینڈل کا پتہ صرف 4 اپریل 2023 کو ہوا لیکن اس کے باوجود 25 اپریل تک بھرتی کے امتحانات ہوئے اور بھرتی اسکینڈل پر پردہ ڈالا گیا۔