حکومت چھ ضمانتوں کے وعدے پورے کرنے میں ناکام : کے ٹی آر

   

گرام پنچایت اور بلدیاتی انتخابات میں بی آر ایس کی کامیابی پر عوام سے اظہار تشکر
حیدرآباد : 27 فبروری ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ نڈی گڈا میں عوام کی جانب سے بی آر ایس پر ظاہر کیا گیا اعتماد پوری ریاست میں پھیلنا چاہیئے ۔ ریاست میں کانگریس حکومت کے باوجود عوام کا بی آر ایس پر بھروسہ برقرار ہے جو پارٹی کی مضبوط جڑوں کا ثبوت ہے ۔ تلنگانہ بھون میں بی آر ایس سے کامیاب کونسلرس کو تہنیت پیش کی گئی ۔ اس موقع پر کے ٹی آر نے بی آر ایس کے کونسلرس کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ گرام پنچایت سے بلدیاتی انتخابات تک اکثریت سے کامیابی پارٹی کی عوامی مقبولیت کو ظاہر کرتی ہے ۔ عالم پور ، آئیجا ، گدوال و وڈے پلی میں بی آر ایس کو عوامی حمایت قابل ذکر ہے ۔ کے ٹی آر نے ریاست میں موجودہ حکمرانی کے گھمنڈ و تکبر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ ناگرکرنول میں 2ماہ کے بچے کی موت اور کوداڑ میں دلت نوجوان ایل راجیش کی لاک آپ موت کو حکومت کی ناکامی سے تعبیر کیا ۔ کھمم کے ویلگو میٹلا علاقہ میں مکانات کے انہدام کو ظالمانہ کارروائی قرار دیا جس سے غریب عوام سڑکوں پر آگئے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کے سی آر کے دور حکومت میں ریاست ترقی اور فلاح کے راستے پر گامزن تھی مگر اب بدعنوانی اور بدانتظامی نے جگہ لے لی ہے ۔ چیک ڈیموں کو کو نقصان پہنچانے اور دیہی جنگلات میں درختوں کی کٹائی جیسے اقدامات ریاست کو پیچھے ڈھکیلنے کے مترادف ہے ۔ کے ٹی آر نے الزام لگایا کہ کانگریس نے چھ ضمانتوں کے تعلق سے جو وعدہ کیا تھای اس پر آج تک عمل نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے پارٹی صفحوں کو خبردار کیا کہ کانگریس آنے والے دنوں میں بی آر ایس کے کونسلرس کو لالچ دینے کی کوشش کرسکتی ہے ، اس لئے چوکس رہنے کی ضرورت ہے ۔ اس تقریب میں سابق صدرنشین وقف بورڈ و حج کمیٹی جناب محمد سلیم کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ 2