تاحال 4 ڈی اے زیر التواء ، جاریہ سال یکم جولائی سے پانچویں ڈی اے کی شمولیت۔ پی آر سی کا بھی انتظار
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حکومت دیوالی تہوار تک سرکاری ملازمین کے زیر التواء چار ڈی اے میں 2 ڈی اے جاری کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔ ان زیر التواء ڈی اے میں یکم جولائی کو پانچویں ڈی اے بھی شامل ہوگیا ہے۔ ملازمین کی مختلف تنظیمیں زیر التواء چار ڈی اے فوری جاری کرنے کا حکومت پر دباؤ بنارہی ہے۔ اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے گذشتہ 10 ماہ سے حکومت کے ذمہ داروں سے ملاقات کررہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے مثبت ردعمل حاصل نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں۔ تاہم حکومت ریاست کی مالی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملازمین کے مطالبات کا جائزہ لے رہی ہے۔ سرکاری ملازمین تنظیموں کے نمائندے ریاستی وزراء سے ملاقاتیں کرتے ہوئے ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی سے واقف کرارہے ہیں۔ وزراء کا کہنا ہے کہ ریاست کو مالی مسائل کا سامنا ہے باوجود اس کے حکومت سرکاری ملازمین کو ڈی اے بقایا جات جاری کرنے کے معاملے میں سنجیدہ ہے۔ چہارشنبہ کو بھی سرکاری ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدرنشین جگدیشور، سکریٹری اے سرینواس راؤ کی قیادت میں ایک وفد نے چیف منسٹر آفس پہنچ کر چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کے مسائل اور مطالبات پر تبادلہ خیال کیا۔ جس پر پتہ چلا ہے کہ ملازمین کو ایک ڈی اے ادا کرنے پر ماہانہ 100 کروڑ اور سالانہ 1200 کروڑ روپئے کا اضافی مالی بوجھ ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ اس طرح چار ڈی اے ادا کرنے پر سرکاری خزانہ پر سالانہ 7900 کروڑ روپئے کا اضافی مالی بوجھ عائد ہونے کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ یہی بات جے اے سی کے قائدین کو بھی بتائی گئی ہے۔ ریاست کی مالی صورتحال اور عہدیداروں کی جانب سے پیش کی جانے والی وضاحتوں کو دیکھتے ہوئے سرکاری ملازمین یہ اندازہ لگارہے ہیں کہ ایک ساتھ چار زیر التواء ڈی اے کی اجرائی شاید ممکن نہیں ہے کم از کم تین ڈی اے جاری کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ تاہم حکومت 2 ڈی اے جاری کرنے پر غور کررہی ہے۔ ڈی اے زیر التواء ہونے کی وجہ سے ہر ایک سرکاری ملازم کو ماہانہ 10 ہزار روپئے کا نقصان ہورہا ہے۔ ماہانہ 70 ہزار روپئے سے زیادہ تنخوہ رہنے والے ملازم کو 15 ہزار روپئے کا نقصان ہورہا ہے۔ پی آر سی کی تاخیر سے مزید 15 ہزار روپئے کا نقصان ہورہا ہے۔ ان سب کی ادائیگی پر ہر ایک ملازم کو ماہانہ 30 ہزار روپئے کی اضافی تنخواہ حاصل ہوگی۔ 2