حکومت کا فیصلہ 19 انجینئرنگ کالجس کی فیس میں کمی

   

33 کالجس میں ایک لاکھ سے زائد فیس ، 21 کالجس میں 45 ہزار روپئے فیس
حیدرآباد : /6 مارچ (سیاست نیوز) ریاست کے انجنیئرنگ کالجس کی ٹیوشن فیس کے معاملے میں حکومت نے نیا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ تعلیم نے ایک جی او جاری کرتے ہوئے ریاست کے 160 انجنیئرنگ کالجس کیلئے نئی ٹیوشن فیس کی منظوری دے دی ہے ۔ یہ فیس 2025-26 سے 2027-28 تک تین سالہ مدت کیلئے لاگو رہے گی ۔ سرکاری احکامات کے مطابق اس مدت میں بی ٹیک فرسٹ ایر میں داخلہ لینے والے طلبہ کو چار سال تک یہی مقررہ فیس ادا کرنی ہوگی ۔ گزشتہ مدت میں 33 ایسے انجنیئرنگ کالجس تھے جن کی سالانہ فیس ایک لاکھ سے زیادہ تھی ۔ اس مدت میں بھی ان کی فیس ایک لاکھ سے زیادہ رہے گی ۔ ایک لاکھ فیس رہنے والے کالجس کی تعداد گزشتہ مدت میں 7 تھی جو اب گھٹ کر 2 تک محدود ہوگئی ۔ فیس کے لحاظ سے سی بی آئی ٹی (CBIT) سرفہرست ہے جہاں سالانہ 1.83 لاکھ روپئے مقرر کی گئی ہے ۔ جبکہ واسوی انجنیئرنگ کالج 1.75 لاکھ روپئے کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ کم از کم فیس 45 ہزار روپئے مقرر کی گئی ہے جو 21 کالجس پر لاگو ہوگی ۔ تلنگانہ ایڈمیشن اینڈ فیس ریگولیٹری کمیٹی (TASRC) نے حکومت کو سفارش کی تھی کہ 19 کالجس کی فیس میں کمی کی جائے اور 70 کالجس کی فیس میں کوئی اضافہ نہ کیا جائے ۔ حکومت نے اس سفارش کو منظور کرتے ہوئے جی او جاری کردیا ۔ اس فیصلے کے مطابق 19 کالجس کی فیس میں کمی کی گئی ۔ گزشتہ سال اگست میں (EPCET) کونسلنگ کے دوران طلبہ سے پرانی فیس وصول کی گئی تھی ۔ محکمہ تیکنکی تعلیم نے واضح کیا تھا کہ اگر نئی فیس مقرر کی گئی تو اضافی رقم طلبہ کو واپس کرنی ہوگی ۔ چنانچہ اب جن 19 کالجس کی فیس میں کمی کی گئی ہے انہیں اپنے طور پر فیس ادا کرنے والے طلبہ کو فرق کی رقم واپس کرنا ہوگا ۔ 2