حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ حکومت شہر حیدرآباد کو ایک عالمی شہر میں تبدیل کرنے صنعتوں کے جال کو پھیلانے اور بین الاقوامی کمپنیوں کو سرمایہ لگانے کے لیے راغب کرنے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ اسی کے ایک حصے کے طور پر ایک اے گریڈ تجارتی مرکز ( ٹریڈ سنٹر ) پر مشتمل ایک فائیو اسٹار ہوٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے پہلے ہی ٹی ورکس ، ٹائم اسکوائر بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ اس کے قریب جدید ترین سہولیات کے ساتھ ایک تجارتی مرکز اور ایک بہت کشادہ ہوٹل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دفاتر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے یہ تعمیر بین الاقوامی معیار کے مطابق کی جائے گی ۔ ہائی ٹیک سٹی کے قریب رائے درگم میٹرو اسٹیشن کے بعد موجود IKEA شوروم کے پاس اس عمارت کو تعمیر کیا جارہا ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کے شیر لنگم پلی منڈل رائے درگم گاؤں میں حیدرآباد نالج سٹی کے سروے نمبر میں واقع 83/1 میں تین ایکر اراضی پر اس کو تعمیر کیا جائے گا ۔ 15 منزلہ یہ عمارت 8.86 لاکھ مربع فیٹ رقبہ پر دستیاب کرائی جارہی ہے ۔ اس پر 582 کروڑ روپئے کے مصارف ہوں گے ۔ حکومت نے دنیا کے ٹاپ 10 ہوٹلوں میں اس کا شمار کرنے کا روڈ میاپ تیار کرتے ہوئے ہوٹل اور تجارتی مرکز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ صنعت کے زیر نگرانی ادارہ ( ٹی جی آئی آئی سی ) نے اس کے لیے ٹنڈرس طلب کیا ہے ۔ 36 ماہ میں عالیشان ہوٹل اور ٹریڈ سنٹر دستیاب کرانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ملک میں تیزی سے ترقی کرنے والی ریاستوں میں تلنگانہ نمایاں مقام رکھتی ہے ۔ آب و ہوا ، مختلف سہولیات اور حکومت کے تعاون سے کئی عالمی کمپنیاں حیدرآباد میں سرمایہ کاری کرنے میں اپنی دلچسپی دکھا رہی ہیں ۔ گذشتہ سال سوئزر لینڈ میں منعقدہ ڈاؤس کانفرنس میں مختلف کمپنیوں نے ریاستی حکومت کے ساتھ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کرنے کے معاہدے کیے تھے ۔ 2