حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کی پابند۔ سندھیا

   

نئی دہلی ۔ برسر اقتدار بی جے پی نے نئے زرعی قوانین کی آج راجیہ سبھا میں مدافعت کی اور کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے ۔ بی جے پی نے اپوزیشن جماعتوں سے زرعی مارکٹ اصلاحات پر ان کے موقف میں تبدیلی پر سوال کیا ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر جمہوریہ کے خطاب پر تحریک تشکر کے مباحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی رکن جیوتر آدتیہ سندھیا نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح کی پابند ہے اور اس نے کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنے گذشتہ چھ سال میں بہت کچھ کیا ہے ۔ سندھیا حال ہی میں راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے ہیں اور انہوں نے کورونا وباء سے این ڈی اے حکومت کے کامیاب انداز میں نمٹنے کا ادعا کیا اور کہا کہ حکومت نے بحران کو موقع میں تبدیل کرتے ہوئے کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے کسانوں کے احتجاج کو ختم کرنے اب تک گیارہ ادوار کی بات چیت ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کانگریس پر تنقید کی اور کہا کہ اس پارٹی نے تینوں قوانین کے تعلق سے اپنے موقف میں تبدیلی لائی ہے اور اپوزیشن جماعت نے 2019 کے انتخابات میں اپنے منشور میں اس طرح کے قوانین کی حمایت کی ہے ۔