حکومت کسانوں کے حقوق دینے کے بجائے ظلم کررہی ہے

,

   

سرحد پرجان بچھاتے ہیں جن کے بیٹے،ان کیلئے دہلی بارڈر پرکیلیں بچھائیں، راہل گاندھی کا طنز
نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کسانوں کے احتجاج کے 100 دن پورے ہونے پر ایک بار پھر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن کسانوںکے بیٹے ملک کی سرحد پر اپنی جان بچھاتے ہیں، انہیں دہلی آنے سے روکنے کے لیے مرکز کی بی جے پی حکومت نے دہلی سرحد پر کیلیں بچھائی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ کسان اپنے حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں،لیکن مرکزی حکومت ان کو حقوق دینے کے بجائے ان پر ظلم و ستم کر رہی ہے۔راہل گاندھی نے ٹویٹ کیا کہ ملک کی سرحد پر جان بچھاتے ہیں جن کے بیٹے، ان کے لئے کیلیں بچھائی ہیں دہلی کی سرحد پر،کسان مانگیں حقوق، حکومت کرے ظلم۔ کانگریس کے رہنما نے ایک دن پہلے بھی کہا تھا کہ مرکزی حکومت کو تینوں نئے زرعی قوانین واپس لینے ہوں گے،راہول نے ٹویٹ کیا کہ بیج بو کر جو صبر کے ساتھ فصل کا انتظار کرتے ہیں، مہینوں کا انتظار اور خراب موسم سے وہ نہیں ڈرتے ہیں! تینوں قوانین کو توواپس کرنا ہی ہوگا۔ واضح رہے کہ کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے تین نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کسانوں کے احتجاج کے 100 دن مکمل ہوچکے ہیں۔گذشتہ سال 26 نومبر سے ہزاروں کسان قومی دارالحکومت دہلی کی سرحدوں پر مختلف مقامات پر مظاہرے کررہے ہیں اور مرکزی حکومت سے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کررہے ہیں۔کاشتکاروں کا مطالبہ ہے کہ کم سے کم سپورٹ قیمت کی ضمانت کے لئے کوئی قانون بنایا جائے۔ اس تحریک کے دوران مختلف وجوہات کی وجہ سے مجموعی طور پر 248 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ کسان آج کالے دن کے طور پر منا رہے ہیں۔