نئی دہلی : راجیہ سبھا میں جمعرات کو اپوزیشن کے ارکان نے کسانوں کے بدتر معاشی حالات کے سلسلے میں شدید تشویش کا اظہار کیا اور حکومت سے احتجاج کرنے والے کسانوں سے بات چیت کرکے ان کے مسائل کو حل کرنے کی درخواست کی۔کانگریس کے ڈگ وجے سنگھ نے ایوان میں صدر کے خطاب پر پیش شکریہ کی تحریک پر جاری بحث میں شامل ہوتے ہوئے کہا کہ تین زرعی اصلاحات کے قوانین کسان مخالف ہیں اور اس کیخلاف تحریک چل رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں جب لوگوں کے جذبات کو غداری کے طور پر دیکھا جاتا ہے تو وہاں سے تاناشاہی کی شروعات ہوتی ہے ۔ جمہوریت میں احتجاج اہم ہوتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں زرعی اصلاحات کی بات کہی تھی لیکن اسے عام اتفاق سے کیا جانا چاہیے تھا۔