حکومت کشمیر کو امن کیساتھ آگے لیجانے کوشاں:ستیش شرما

   

سری نگر، 15 جون (یو این آئی) وزیر برائے یوتھ سروس اینڈ اسپورٹس ستیش شرما کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوششوں کا مقصد جموں و کشمیر کو امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے ساتھ آگے لے جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں خطے کے لوگ بہت مشکلات سے گزرے ہیں اور اب ایک ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے ۔وزیر موصوف نے ان باتوں کا اظہار اتوار کو یہاں ایک تقریب میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا ‘ پرامن اور متحد معاشرے کی تعمیر میں ہر فرد اور ادارے کا کردار ہے ،ہم سب کو اکٹھے ہونے اور ایک واضح پیغام دینے کی ضرورت ہے ۔ان کا کہنا تھا ‘ہم امن اور ہم آہنگی کے لیے ہیں، جو لوگ بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں وہی دہشت گردی کی پشت پناہی کرتے ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے ۔مسٹر شرما نے کہا ‘عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت نے ہمیشہ اتحاد اور ترقی کے جذبے کے ساتھ کام کیا ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ جموں و کشمیر کو آگے لے جانے کے لئے کوشاں ہیں۔نوجوانوں کو در پیش مشکلات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ‘منشیات اور موبائل فون کا زیادہ استعمال نوجوانوں میں بڑھ رہے مسائل میں سے ہیں، امید ہے کہ نوجوان منشیات سے دور رہ کر فٹنس پر توجہ مرکوز کریں گے ۔ان کا کہنا ہے کہ منشیات ہمارے معاشرے کو در پیش سب سے بڑا چیلنج ہے ۔ جموں و کشمیر کے لوگ ان لمحات میں بھی متحد رہے ۔