حکومت کورونا کی موبائل ٹسٹنگ کیلئے تیار نہیں

   

سرکاری ہاسپٹلس میں درکار کٹس دستیاب، ہائی کورٹ میں رپورٹ
حیدرآباد۔ 19 جون (سیاست نیوز) کورونا کے کیسس میں اضافے کے باوجود تلنگانہ حکومت موبائل ٹسٹ کے حق میں نہیں ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کو ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر جی سرینواس رائو کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ ریاست میں کووڈ۔19 موبائل ٹسٹنگ سرویسس کے آغاز کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے اعتبار سے آر ٹی۔پی سی آر ٹسٹنگ موبائل لیباریٹری میں انجام دینا دشوارکن ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ نے بتایا کہ حیدرآباد کو چھوڑکر ریاست کے 54 گورنمنٹ ہاسپٹلس میں 349 انٹینسیو کیر یونٹ بیڈس دستیاب ہیں جنہیں کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے مختص کیا گیا ہے۔ حیدرآباد کے ماسوا ساری ریاست میں 349 آئی سی یو بیڈس اگرچہ ناکافی ہیں لیکن حکومت اس میں اضافے کے کوئی اقدامات نہیں کررہی ہے۔ پی پی ای کٹس کے بارے میں عدالت کو بتایا گیا کہ سرکاری دواخانوں میں تاحال ایک لاکھ 23 ہزار 440 پی پی ای کٹس کا استعمال کیا گیا۔ جبکہ N-95 ماسکس دو لاکھ 59 ہزار 66 اور تری پلائی میڈیکل مارکس 15 لاکھ 20 ہزار 948 استعمال کیئے گئے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 16 جون تک سرکاری دواخانوں میں استعمال کیلئے 57 ہزار 658 پی پی ای کٹس، 85 ہزار 585 این۔95 ماسکس اور 4 لاکھ 59 ہزار 44 میڈیکل ماسکس دستیاب ہیں۔