حیدرآباد۔ ڈائرکٹر صحت عامہ تلنگانہ ڈاکٹر سرینواس نے ریاستی ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں پرائیویٹ اسپتالوں میں کورونا کے علاج، معائنوں کے سلسلہ میں اعظم ترین شرحوں کا تعین کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 170پرائیویٹ اسپتالوں کے خلاف 350شکایات وصول ہوئی ہیں۔ 30 شکایات کی یکسوئی کرتے ہوئے متاثرین کو 72.20لاکھ روپئے کی رقم واپس دلائی گئی۔بقیہ متاثرین کے ساتھ انصاف کی کوشش کی جائے گی۔ ریاست میں کورونا کی صورتحال پر معاملہ کی ہائی کورٹ نے سماعت کی جس میں سرینواس راو نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں روزانہ تقریبا 1.17لاکھ کورونا کے معائنے کئے جارہے ہیں۔مثبت شرح ایک فیصد کم ہوئی ہے ۔ریاست میں ٹیکہ اندازی کا عمل جاری ہے ۔28.76لاکھ افراد کو دوسرا ڈوز، 68.48لاکھ افراد کو پہلا ڈوز دیاگیا ہے ۔ریاست میں اب تک 1.94کروڑ افراد کو ٹیکے دیئے گئے ہیں۔اس ماہ کی 29تاریخ تک مرکز سے 10.76لاکھ ڈوز وصول طلب ہیں۔انتہائی جوکھم والے گروپس سے تعلق رکھنے والے 23.11 لاکھ افراد کو ٹیکہ دینے کا عمل مکمل کرلیاگیا ہے ۔بیرونی ممالک جانے کے خواہشمند 6874طلبہ کو ٹیکے دیئے گئے ۔کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے تمام انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرکاری اسپتالوں میں 27,141 بستروں میں سے 10,244بستروں کو آکسیجن کے ساتھ تیار رکھاگیا ہے ۔بقیہ 16,914کو آکسیجن کے ساتھ لیس کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔نیلوفر اسپتال سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں میں بچوں کیلئے خصوصی 6 ہزار بستروں کو تیار رکھاگیا ہے ۔بچوں کے علاج کے سلسلہ میں کمیٹی قائم کرتے ہوئے مشورے لئے جارہے ہیں۔بچوں کے علاج کیلئے درکار دواوں کو تیار رکھاجارہا ہے ۔