حکومت کو اعتراض ہو تو کرتارپور نہیں جاونگا : سدھو

,

   

چندی گڑھ 7 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پنجاب کے سابق وزیر نوجوت سنگھ سدھو نے آج وزارت خارجہ کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ واضح کرے کہ آیا ان کے کرتار پور صاحب جانے پر حکومت کو کوئی اعتراض تو نہیں ہے ؟ ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اب تک یہ تیسرا مکتوب وزارت خارجہ کو روانہ کیا ہے اور اگر اس کا بھی کوئی جواب موصول نہیں ہوتا ہے تو وہ دوسرے عام عقیدت مندوں کی طرح کرتار پور صاحب جائیں گے ۔ سدھو نے کہا کہ اگر انہیں وزارت خارجہ سے کوئی جواب موصول ہوتا ہے اور یہ کہا جاتا ہے کہ حکومت کو ان کے جانے پر کوئی اعتراض ہے تو وہ قانون کے پابند شہری کی طرح کرتار پور صاحب جانے سے گریز کرینگے تاہم اگر انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہوتا ہے تو پھر وہ پاکستان جائیں گے جیسا کہ دوسرے سکھ عقیدتمند جاتے ہیں۔ انہوں نے ان کی جانب سے مسلسل تین مکتوب پر بھی مرکز سے کوئی جواب نہ ملنے پر حیرت و تعجب کا اظہار کیا ہے ۔ بارہا یاد دہانی کے باوجود مرکزی حکومت نے ان کے مکتوب کا کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔ حکومت کو یہ واضح کرنا چاہئے کہ انہیں کرتار پور صاحب جانے کی اجازت ہے بھی یا نہیں۔