حکومت کو بدنام کرنے والے سوشیل میڈیا پر نظر رکھی جائے ،پرانے شہر میں رجسٹریشن دفاتر کے قیام کی اپیل ۔ میر ذوالفقار علی

   

حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ خبروں کی ترسیل پر خصوصی نظر رکھے اور سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ کی خبروں پر نظر رکھ کر ایسے عناصر کی نشاندہی کرے جو اپنے مفادات کیلئے حکومت کو بدنام کرنے کوشاں ہیں۔ رکن اسمبلی چارمینار میر ذوالفقار علی نے آج اسمبلی میں مطالبات زر مباحث میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات و نشریات کو بہتر اور مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ریاست میں پیشرو حکومت کی بھیڑ بکروں کی تقسیم کی اسکیم میں بدعنوانیوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ اسی طرح کا اسکام محکمہ سمکیات میں بھی ہوا ہے کیونکہ حکومت سے مچھیروں کی ترقی اور معیشت کو بہتر بنانے افزائش سمکیات کا بھی پروگرام چلایا تھا ۔ اس محکمہ کو بھی تحقیقات کے دائرہ میں لانا چاہئے ۔ میر ذوالفقارعلی نے پرانے شہر میں محکمہ سمکیات سے مچھلی کے آؤٹ لیٹس قائم کرنے کا مطالبہ کرکے کہا کہ مختلف علاقوں میں یہ آؤٹ لیٹ قائم کئے جا رہے ہیں لیکن پرانے شہر کو نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے محکمہ مال سے پرانے شہر میں سب رجسٹرار آفس کے قیام کی اپیل کی اور کہا کہ اس سلسلہ میں مسلسل نمائندگی کی جار ہی ہے لیکن پرانے شہر میں رجسٹریشن آفس کے قیام میں کوئی پیشرفت نہیں کی جا رہی ہے جبکہ محکمہ مال کو جائیدادوں کے رجسٹریشن سے کروڑہا روپئے آمدنی ہورہی ہے ۔ رجسٹریشن دفاتر کرایہ کی عمارتوں میں ہیں جبکہ دونوں شہروں کے کئی علاقوں میں سرکاری اراضیات ہیں جہاں پر ذاتی عمارتیں تعمیر کرکے دفاتر قائم کئے جاسکتے ہیں۔ رکن اسمبلی چارمینار نے کہا کہ پرانے شہر میں فوری عالمی معیارکے رجسٹریشن دفاتر قائم کئے جانے چاہئے تاکہ مقامی عوام کو سہولت ہوسکے ۔ 3
انہوں ریاستی بجٹ کا خیر مقدم کرکے اپنی تجاویز پیش کی اور رجسٹریشن دفاتر کو بہتر بنانے کی خواہش کی ۔3