حکومت کو صرف تین دن میں شراب سے 357.63 کروڑ کی آمدنی

   

لاک ڈاؤن کی برخاستگی کے بعد شراب کی فروخت میں زبردست اضافہ ، صرف پیر کو 149 کروڑ کی شراب فروخت
حیدرآباد :۔ ریاست سے لاک ڈاؤن کی برخاستگی کے بعد شراب کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔ گذشتہ تین دن سے روزانہ 100 کروڑ سے زائد روپیوں کی شراب فروخت ہورہی ہے ۔ صرف پیر کو ایک دن میں 149 کروڑ روپئے کی شراب فروخت ہوئی ہے ۔ ریاست میں کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے نافذ کردہ لاک ڈاؤن سے ریاست کی معاشی حالت تشویشناک صورتحال اختیار کرچکی تھی ۔ لیکن شراب کی فروخت میں اضافہ سے سرکاری خزانے کی آمدنی میں اضافہ ہورہا ہے ۔ ترقیاتی و تعمیری کاموں کی انجام دہی فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اور سرکاری ملازمین کو اضافہ شدہ تنخواہوں کی ادائیگی سرکاری خزانے پر بوجھ ثابت ہورہے تھے تاہم اکسائز کی آمدنی سے حکومت راحت کی سانس لے رہی ہے ۔ اتوار 20 جون سے حکومت نے ریاست سے مکمل لاک ڈاؤن کو برخاست کردیا ہے ۔ شراب کی دوکانات صبح 10 تا رات 11 بجے تک کھلی رکھی جارہی ہیں ۔ ہفتہ سے شراب کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ان تین دنوں کے دوران حکومت کو شراب کی فروخت سے 357.63 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی ہے ۔ ریاست میں بار اینڈ ریسٹورنٹس ، کلبس ، سیاحتی ہوٹلیں کھل گئی ہیں جس سے شراب کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔۔