حکومت کو غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کا کوئی حق نہیں : کشن ریڈی

   

حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : مرکزی وزیر کوئلہ و معدنیات جی کشن ریڈی نے کل کہا کہ زعفرانی پارٹی موسیٰ ندی پراجکٹ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہوگی ۔ کشن ریڈی نے جو تلنگانہ اسٹیٹ بی جے پی یونٹ کے صدر بھی ہیں حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے اس پراجکٹ کے باعث بیدخل ہونے والوں سے بات چیت کی ۔ انہوں نے انہیں تیقن دیا کہ بی جے پی ان کے مکانات کو بچائے گی ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ’ موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے لیے اگر حکومت غریبوں کی قبروں پر پودے لگانے کی کوشش کرے تو ہم اسے برداشت نہیں کریں گے ‘ ۔ اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے کشن ریڈی کو ان کی مشکلات سے واقف کروایا اور ریاستی حکومت اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے خلاف نعرے لگائے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ریاستی حکومت موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے نام پر غریبوں کے مکانات منہدم کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ غریب لوگوں نے یہ مکانات اپنے طور پر تعمیر کئے ہیں ۔ حکومت نے زمین الاٹ کی اور نہ ہی مکانات تعمیر کئے ۔ حکومت کو غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ‘ ۔۔