13 اکٹوبر سے ہڑتال شروع کرنے کاانتباہ ۔ وعدہ پورا نہ کرنے خانگی کالجس انتظامیہ کی برہمی
حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ڈگری و پروفیشنل کالجس کے ذمہ داروں نے حکومت تلنگانہ کو 12 اکٹوبر تک کی مہلت دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر حکومت سے 12 اکٹوبر تک 1000 کروڑ روپئے بقایاجات جاری نہیں کئے گئے تو 13 اکٹوبر سے ہڑتال کا آغاز کردیا جائے گا۔ فیڈریشن آف اسوسیشن آف تلنگانہ ہائیر انسٹیٹیوشنس کے ذمہ داروں نے ہنگامی اجلاس میں غور خوض کے بعد حکومت کو مہلت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت نے 15ستمبر سے شروع ہونے والی کالجس کی عام ہڑتال کو ختم کروانے وعدہ کیا تھا کہ فیس بازادائیگی اسکیم اور اسکالر شپس کے بقایاجات میں 600 کروڑ کی دسہرہ تہوار سے قبل اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور مزید 600 کروڑ روپئے دیوالی سے قبل جاری کردئیے جائیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے اس تیقن کے بعد کالجس کے انتظامیہ نے اپنے احتجاج سے دستبرداری اختیار کرلی تھی لیکن حکومت نے دسہرہ سے قبل وعدہ کے مطابق 600 کروڑ جاری نہیں کئے بلکہ بقایا جات میں محض 200 کروڑ کی اجرائی عمل میں لائی گئی جس پر کالجس انتظامیہ نے برہمی کا اظہار کرکے 6 اکٹوبر سے کالجس بند کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن فیڈریشن کی عاملہ اجلاس میں حکومت کو وقت فراہم کرنے اور 12 اکٹوبر تک 1000 کروڑ بقایا جات کی فی الفور اجرائی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرکے فیصلہ کیاگیا کہ اگر 12اکٹوبر تک حکومت سے 1000 کروڑ کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جاتی ہے تو 13 اکٹوبر سے پروفیشنل کالجس کے علاوہ ڈگری کالجس میں تعلیم بند کردی جائے گی ۔ فیڈریشن عاملہ اجلاس کے فیصلہ کے تعلق سے کہا گیا کہ حکومت کے تیقنات کا جائزہ لیتے ہوئے 6 اکٹوبر سے بند کے بجائے 12 اکٹوبر تک مہلت کی فراہمی کا فیصلہ کیاگیا ۔فیڈریشن سیکریٹری کے ایس روی کمار‘ کے کرشنا راؤ ‘ سنیل کمار‘ ناگیا چودھری و دیگر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے 600 کروڑ کی اجرائی کے وعدہ کو پورا نہیں کیا اس کے باوجود کالجس کے انتظامیہ حکومت کو 12 اکٹوبر تک کی مہلت فراہم کر رہے ہیں ۔ان قائدین نے بتایا کہ تلنگانہ میں فیس بقایاجات اور اسکالر شپس کی رقومات کے بقایاجات 10 ہزار کروڑ تک پہنچ چکے ہیں اور ان کی اجرائی کیلئے حکومت سے کوئی واضح جواب نہیں دیا جار ہاہے ۔ فیڈریشن ذمہ داروں نے کہا کہ 13تا18 اکٹوبر تمام کالجس میں ستیہ گرہ کی جائے گی اور ان میں طلبہ اور اولیائے طلبہ کو بھی شامل کیا جائے گا علاوہ ازیں حیدرآبادو سکندرآباد میں جہاں 2500 سرکردہ خانگی کالجس ہیں ان کا اجلاس منعقد کرکے کالجس کے طلبہ کو بھی اس اجلاس میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ سیکریٹری فیڈریشن نے بتایا کہ اگر حکومت سے بقایا جات کی اجرائی نہیں کی گئی تو فیڈریشن کالج انتظامیہ و طلبہ کیلئے’چلو حیدرآباد‘ کا اعلان کرکے احتجاج میں شدت پیدا کرے گی۔3