کے سی آر جلد اجلاس طلب کریں گے ، اپریل کے تیسرے ہفتہ میں پہلے اعلامیہ کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد : سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ تمام محکمہ جات نے مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست تیار کرکے چیف سکریٹری سومیش کمار دیدی ہے ۔ 55 ہزار سے زائد مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست چیف سکریٹری نے اتوار کو چیف منسٹر کے سی آر کو پیش کردی ۔ اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات کے بعد اپریل کے تیسرے مہینے میں ملازمتوں کے تقررات کیلئے پہلا نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا کہ پہلے 50 ہزار مخلوعہ جائیدادیں ہونے کا اندازہ لگایا جارہا تھا تاہم ترقیات کا عمل مکمل ہونے کے بعد 55 ہزار سے زائد جائیدادیں مخلوعہ ہونے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ ٹیچرس کی ترقیات مکمل ہونے پر مزید 5 ہزار جائیدادیں مخلوعہ ہونے کا بھی امکان ہے ۔ ابھی تک حاصل اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ محکمہ پولیس میں مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ اس کے بعد محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت میں مخلوعہ جائیدادیں پائی جاتی ہیں ۔ محکمہ مال ، محکمہ بلدی نظم و نسق ، محکمہ زراعت ، محکمہ آبرسانی میں بڑے پیمانے پر مخلوعہ جائیدادیں ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر مخلوعہ جائیدادوں پر تقرر کرنے ایک دو دن میں اجلاس طلب کرسکتے ہیں ۔ اجلاس میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا جائزہ لیا جائے گا ۔ تقررات کیلئے اداروں کا انتخاب کرنے کے ساتھ رہنمایانہ خطوط تیار کئے جائیں گے ۔ مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے کابینہ اجلاس میں منظوری دی جائے گی ۔ 17 اپریل کو اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کا ضمنی انتخاب مقرر ہے ۔ انتخابی ضوابطہ اخلاق کی تکمیل کے بعد ملازمتوں پر تقررات کا عمل شروع ہوگا ۔