تفصیلی رپورٹ پیش کرنے حکومت کو ہدایت، آئندہ پیر کو دوبارہ سماعت
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ نے آن لائین کلاسیس کے بارے میں حکومت کو تفصیلات داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ آن لائین کلاسیس کے مسئلہ پر داخل درخواست کی آج سماعت کی گئی۔ ایڈوکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے آن لائین کلاسیس کے سلسلہ میں اسکولوں کو اجازت نہیں دی ہے۔ عدالت نے سوال کیا کہ حکومت کی اجازت کے بغیر خانگی اسکول کس طرح آن لائین کلاسیس کا اہتمام کر رہے ہیں؟ عدالت نے سوال کیا کہ حکومت کی اجازت کے بغیر آن لائین کلاسیس منعقد کرنے والے خانگی اور کارپوریٹ اسکولوں کے خلاف حکومت کیا کارروائی کر رہی ہے ؟ ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے سی بی ایس سی گائیڈ لائینس کے مطابق بعض اسکولس آن لائین کلاسیس کا اہتمام کر رہے ہیں۔ عدالت نے حکومت کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ حکومت کو ہدایت دی گئی کہ آن لائین کلاسیس پر حکومت کی پالیسی سے اندرون ایک ہفتہ ہائی کورٹ کو واقف کرایا جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ 31 جولائی تک تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ ہائی کورٹ نے آئندہ پیر تک آن لائین کلاسیس کے بارے میں تفصیلات پیش کرنے کی حکومت کو ہدایت دی اور سماعت کو آئندہ کیلئے ملتوی کردیا۔
