حکومت کی اسکیمات اور پارٹی پروگراموں کو عوام تک پہنچانا قائدین کی ذمہ داری

   

پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا توسیعی اجلاس، پولنگ بوتھ کی سطح پرکارکنوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ، جوبلی ہلز ضمنی چناؤ کی تیاریوں کا مشورہ، کاما ریڈی جلسہ عام کی کامیابی کیلئے مساعی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) حکومت اور پارٹی کے پروگراموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ کا توسیعی اجلاس آج گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن مہمان خصوصی تھیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا، وزیر بی سی ویلفیر پونم پربھاکر ، ضلع کانگریس صدور ، ارکان اسمبلی و کونسل ، پردیش کانگریس کے نائب صدور و جنرل سکریٹریز ، محاذی تنظیموں کے صدورنشین ، ضلع کے انچارجس ، مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور سینئر قائدین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں مجالس مقامی کے انتخابات ، جوبلی ہلز کا ضمنی چناؤ ، بی سی تحفظات پر عمل آوری اور پارٹی کی تنظیم سازی جیسے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ قائدین نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ فلاحی اسکیمات کے فوائد سے عوام کو واقف کرائیں تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان حکومت کی اسکیمات سے محروم نہ رہے ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ریاستی وزیر پونم پربھاکر نے اجلاس کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے حیدرآباد سے پولنگ اسٹیشن کی سطح تک نیٹ ورک سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری میں قائدین اور کارکنوں کا اہم رول ہونا چاہئے ۔ جوبلی ہلز کے ضمنی چناؤ کے لئے کارکنوں کو ابھی سے متحرک ہونے کا مشورہ دیا گیا۔ راہول گاندھی کی جانب سے ملک گیر سطح پر شروع کردہ ووٹ چوری کے خلاف مہم کو دیہی سطح تک عام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس مہم میں راہول گاندھی کی مکمل تائید کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ 15 ستمبر کو کاما ریڈی کے جلسہ عام کی کامیابی کے لئے تمام ضلعی صدور کو ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ انتخابات سے قبل کانگریس نے بی سی ڈکلیریشن کاما ریڈی سے جاری کیا تھا ، لہذا جلسہ عام کا کاما ریڈی میں انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات پر عمل آوری میں بی جے پی رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔ اسمبلی میں تحفظات بل کی تائید کے باوجود بی جے پی مرکز پر دباؤ بنانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ تحفظات بلز کی منظوری کیلئے مرکز پر دباؤ بنانے مختلف پروگرامس منعقد کئے جائیں گے ۔ حکومت کی 20 ماہ کی کارکردگی سے عوام کو واقف کرایا جائے گا ۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ میں بدعنوانیوں کا بی آر ایس رکن کونسل کویتا نے خود اعتراف کیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے جب بدعنوانیوں کی بات کہی تو سیاسی الزامات قرار دیا گیا لیکن اب خود ان کی پارٹی سے تعلق رکھنے والی کویتا نے بدعنوانیوں کا اعتراف کیا ہے۔ پونم پربھاکر نے بتایا کہ ریاست کے دیگر اضلاع میں جلد ہی جنہیتا پد یاترا کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ طویل عرصہ تک کانگریس سے وابستہ رہنے کے بعد استعفیٰ دینے والے قائدین کو دوبارہ شمولیت کا موقع فراہم کیا جائے گا ۔ اجلاس میں 42 فیصد بی سی تحفظات پر عمل آوری کے لئے حکومت کی مساعی کی ستائش کی گئی ۔ حکومت نے اسمبلی میں بلز کو منظوری دی لیکن گورنر نے صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی سی تحفظات سے ایس سی اور ایس ٹی تحفظات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بی سی تحفظات کے ساتھ مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ اجلاس میں گزشتہ 22 ماہ کے دوران حکومت کی کارکردگی کی ستائش کی گئی اور کالیشورم بدعنوانیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا خیرمقدم کیا گیا۔ عاملہ کے اجلاس میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بی سی تحفظات کو فوری طور پر منظوری دے۔ اجلاس میں اندراماں ہاؤزنگ کے تحت غریبوں کو مکانات کی فراہمی اور راشن کارڈس کی اجرائی کا خیرمقدم کیا گیا۔1