حکومت کی بہتر کارکردگی سے تلنگانہ کے 80 فیصد عوام مطمئن : مہیش کمار گوڑ

   

آئندہ ماہ نامزد عہدوں پر تقررات ، کانگریس کو دوبارہ اقتدار کا یقین
حیدرآباد ۔19 ۔ فروری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی ہائی کمان نے تلنگانہ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کیا اور باقی انتخابی وعدوں کی تکمیل پر زور دیا ہے۔ ہائی کمان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ابتدائی دو برسوں میں کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ ترقیاتی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مزید تین برسوں میں حکومت تمام وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں قائدین کا احساس تھا کہ بہتر کارکردگی کے ذریعہ تلنگانہ میں کانگریس کو دوسری مرتبہ اقتدار یقینی ہے۔ کے سی آر دور حکومت میں تلنگانہ کو 8 لاکھ کروڑکا مقروض بنایا گیا اور کانگریس حکومت قرض کی ادائیگی کے علاوہ آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان نے مجالس مقامی چناؤ میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ پر کابینہ کو مبارکباد پیش کی ۔ حکومت کی کارکردگی سے 80 فیصد عوام مطمئن ہیں جس کا اظہار انتخابی نتائج سے ہوتا ہے۔ راہول گاندھی نے انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں اور اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس کے قیام پر معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے تنظیمی سطح پر پارٹی کے استحکام پر زور دیا۔ آئندہ تین برسوں کے لائحہ عمل سے اجلاس کو واقف کرایا گیا۔ مہیش کمار گوڑ کے مطابق دو گھنٹے طویل اجلاس خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا اور ریاستی وزراء کے خیالات کی بھی ہائی کمان نے سماعت کی۔ انہوں نے کہا کہ 15 مارچ تک ریاست میں تمام سرکاری نامزد عہدوں پر تقررات مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے عہدیداروں اور اہم عہدوں پر تقررات مارچ کے دوسرے ہفتہ تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راجیہ سبھا چناؤ پر ملکارجن کھرگے نے آئندہ دو دنوں میں چیف منسٹر سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ کے مطابق کابینہ میں توسیع کے مسئلہ پر بات چیت نہیں ہوئی ۔ منوگوڑ کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کے مسئلہ پر بات چیت کی گئی اور اس سلسلہ میں ہائی کمان انہیں جلد ہی طلب کرتے ہوئے بات چیت کرے گا۔ راج گوپال ریڈی کابینہ میں شمولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے علاوہ پنچایت راج اور دو اسمبلی حلقہ جات کے ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی پر ہائی کمان نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہتر کارکردگی کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کانگریس پارٹی ناقابل چیلنج طاقت بن چکی ہے۔1