حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی عہدیداروں کے مستعفی ہونے کا نیا رجحان

   

خدمات میں توسیع اور سبکدوشی کے بعد خدمات انجام دینے والوں میں ہلچل
حیدرآباد۔5۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی عہدیداروں کے مستعفی ہونے کا نیا رجحان پہلی مرتبہ دیکھا جا رہاہے اور وہ عہدیدار جن کی خدمات میں بی آر ایس حکومت کی جانب سے وظیفہ پر سبکدوشی کے باوجود توسیع کی گئی تھی وہ فوری اثر کے ساتھ مستعفی ہونے لگے ہیں ۔ محکمہ پولیس کے علاوہ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے وفادار عہدیداروں کو توسیع دیتے ہوئے ان کی خدمات کو برقراررکھا تھا اور اس کے علاوہ جن عہدیداروں کو وظیفہ پر سبکدوش کردیا گیا تھا انہیں مشیر کی حیثیت سے دوبارہ واپس لیا گیا تھا لیکن اب ان تمام عہدیداروں نے جو مشیر یا اپنی خدمات میں توسیع کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے عہدوں سے استعفیٰ دینا شروع کردیا ہے ۔ مختلف محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ طویل مدت سے ایک ہی عہدہ پر خدمات انجام دے رہے عہدیداروں نے بھی اپنے مستقبل کے متعلق فکر کرنی شروع کردی ہے ۔محکمہ اقلیتی بہبود کے سیکریٹری کے عہدہ پر چند ماہ قبل جناب عمر جلیل کی خدمات میں توسیع دیتے ہوئے انہیں یہ ذمہ داریاں تفویض کی گئی تھیں۔ بتایاجارہا ہے کہ وہ ان ذمہ داریوں سے مستعفی ہونے کے متعلق قانونی رائے حاصل کر رہے ہیں جبکہ دیگر محکمہ جات میں جن عہدیداروں کی خدمات میں توسیع دی گئی تھی وہ عہدیدار مستعفی ہونے لگے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں حکومت کی تبدیلی کے بعد مؤظف عہدیداروں کی خدمات کی برقراری کی پالیسی مکمل طور پر ختم کردی جائے گی اور سرکاری احکامات کی اجرائی کے ساتھ تمام عہدیداروں کو جووظیفہ کے باوجود کسی محکمہ میں خدمات انجام دے رہے ہیں ان کی خدمات کو برخواست کردیا جائے گا۔ طویل مدت سے ایک ہی عہدہ پر خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کے تبادلوں کے سلسلہ میں بھی جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے اور اقتدار کے حصول کے ساتھ ہی اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد بڑے پیمانے پر تبادلوں کے اقدامات کئے جائیں گے۔