حکومت کی جانب سے غیر معیاری کٹس کی سربراہی عوام کیلئے نقصان دہ

   

کئی صحت مند افراد کا نتیجہ پازیٹیو نکلا، اقامتی اسکول کے بیشتر طلبہ کا کورونا ٹسٹ غلط ثابت ہوا
حیدرآباد: کورونا کا پتہ چلانے کیلئے حکومت کی جانب سے سربراہ کی جارہی ہے ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کے کٹس کے بارے میں عوام میں شبہات پائے جاتے ہیں کیونکہ کٹس کے غیر معیاری ہونے کے معاملات منظر عام پر آئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے سربراہ کردہ ٹسٹنگ کٹس سے نتائج میں فرق دیکھا گیا ہے۔ کئی مریض ایسے تھے جن میں کورونا کی واضح علامات پائی گئیں لیکن ان کا نتیجہ منفی رہا ۔ اسی طرح بعض افراد کورونا پازیٹیو پائے گئے جبکہ ان میں کوئی علامات نہیں تھیں۔ بوئن پلی میں واقع قبائلی بہبود کے اقامتی اسکول میں کیا گیا ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ شبہات کے گھیرے میں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی عہدیدار غیر معیاری کٹس خریدتے ہوئے کمپنیوں سے کمیشن حاصل کر رہے ہیں۔ غیر معیاری کٹس کے نتیجہ میں گمراہ کن نتائج سے عوام کو پریشانی کا سامنا ہے ۔ اس ٹسٹ کے ذریعہ اندرون 30 منٹ کورونا کا پتہ چلایا جاسکتا ہے جبکہ دوسرے ٹسٹ کی رپورٹ کیلئے 24 گھنٹے درکار ہے ۔ حکومت نے کیسس کا پتہ چلانے میں تاخیر کو کم کرنے ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ اختیار کیا ہے ۔ 20 سرکاری ٹسٹنگ سنٹر اور 60 خانگی مراکز پر حیدرآباد میں یہ ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ ہر مرکز پر اوسطاً 25 ٹسٹ کئے جاتے ہیں۔ حیدرآباد ڈسٹرکٹ کے تحت 97 ٹسٹنگ سنٹر ہیں جبکہ میڑچل میں 88 اور رنگا ریڈی میں 60 مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کیا جارہا ہے ۔ روزانہ 25 تا 50 ٹسٹ کئے جارہے ہیں۔ ٹسٹ کے نتیجہ میں دیکھا گیا ہے کہ کورونا کی علامات جیسے بخار ، سانس لینے میں دشواری ، اعضاء شکنی اور دیگر علامات کے باوجود نتیجہ منفی دکھایا جارہا ہے۔ میڈیکل آفیسرس ایسے مشتبہ کیسس میں حقیقت کا پتہ چلانے میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی سفارش کر رہے ہیں۔ بوئن پلی کے قبائلی بہبود ہاسٹل میں سوائے دو طلبہ کے باقی تمام طلبہ آر ٹی پی سی آر ٹسٹ میں منفی پائے گئے ۔ اس سے قبل جب طلبہ کا ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ کیا گیا تو ان میں کئی پازیٹیو پائے گئے تھے۔ ڈاکٹرس کو اس نتیجہ پر حیرانی ہوئی، لہذا آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے لئے طلبہ کا دوبارہ معائنہ کیا گیا ۔ غیر معیاری کٹس کے نتیجہ میں نہ صرف عوام بلکہ ڈاکٹرس کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کئی صحت مند افراد بھی کورونا پازیٹیو ظاہر ہورہے ہیں جبکہ ان میں کوئی علامات نہیں ہے ۔