حکومت کی جانب سے چنا فی کنٹل 5,100 روپئے

   

عادل آباد میں زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمین کا میڈیا سے خطاب
عادل آباد : زراعت پیشہ افراد سے چنا اندرون دو یوم حکومت کی جانب سے فی کنٹل 5,100 روپئے میں خریدا جائے گا۔ یہ بات زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمین نے اپنے چیمبر میں میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی۔ اس موقع پر انہوں نے عادل آباد رکن اسمبلی جوگو رامنا کے اقدامات کی جہاں ایک طرف ستائش کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کی حکومت سے موثر نمائندگی کی بناء پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے چنا خریدی کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ وہیں دوسری طرف مخالف سیاسی جماعتوں کی جانب سے ضلع کے مختلف مقامات پر احتجاج منظم کرتے ہوئے چنا خریدنے دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ مخالف سیاسی جماعتوں کے احتجاج کو غیرضروری قرار دیتے ہوئے ریاستی حکومت کو کارکردگی کی بھرپور ستائش کی گئی۔ کسانوں کو ہمہ وقت مفت برقی سربراہی، مشن کاکتیہ کے ذریعہ آبی پراجیکٹ کی تعمیر کرتے ہوئے کسانوں کو زائد فصل اُگانے کیلئے پانی کی سربراہی، کسانوں کے قرضوں کی معافی سے ریاست کے زراعت پیشہ افراد استفادہ کررہے ہیں جبکہ یہ تمام سہولتیں ریاست تلنگانہ کے قیام سے قبل کسانوں کو حاصل نہیں تھی۔ ضلع عادل آباد کے مختلف مقامات پر چنا خریدی کیلئے مراکز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ضلع میں 5 لاکھ کنٹل چنا خریدا جائے گا۔ ایک علیحدہ اطلاع کے تحت ضلع کانگریس پارٹی صدر ساجد خاں کی قیادت میں مستقر عادل آباد کے کسان چوراہے پر چنا خریدنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک احتجاجی دھرنا منظم کیا تھا۔ بعدازاں دفتر پرجا پریشد کے تحت ہراج ہونے والی ملگیات میں کانگریس پارٹی دفتر قائم کرنے کی خاطر ساجد خاں نے 16,000 روپئے ادا کرتے ہوئے کرایہ کی بنیاد پر ایک ملگی کو حاصل کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے مخاطب ہوکر کہا کہ ضلع کانگریس صدر نے ضلعی عہدیادروں پر الزام عائد کیا کہ بارہا نمائندگی کے باوجود کانگریس پارٹی دفتر کی خاطر اراضی فراہم نہ ہوسکی۔