وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 22 نومبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے حکومت کی جانب سے کرسمس تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلی سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کرسمس کے موقع پر گفٹ پیاکٹس کی اضلاع کو روانگی کا عمل 5 ڈسمبر تک مکمل کرلیا جائے جبکہ مستحق کرسچن خاندانوں میں 10 ڈسمبر تک پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ انہو ںنے کہا کہ چیف منسٹر کی جانب سے کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا جائے گا جس کے لیے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کرسمس ڈے کے موقع پر 12 انفرادی شخصیتوں اور 6 اداروں کو نمایاں خدمات پر ایوارڈس دیئے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں 20 نومبر تک درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ 20 ڈسمبر تک کرسچن بھون کی سنگ بنیاد کی تقریب کی تیاریاں مکمل کرلی جائیں۔ عیسائیوں کے قبرستانوں کے لیے 10 مقامات پر 63 ایکڑ 92 گنٹہ اراضی الاٹ کی جارہی ہے۔ اجلاس میں رکن کونسل راجیشور رائو، رکن اسمبلی اسٹیفنسن، نائب صدرنشین اقلیتی کمیشن بی شنکر لوکے، حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، اسپیشل چیف سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا، کمشنر پولیس انجنی کمار، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہ نواز قاسم، کمشنر قبائیلی بہبود ڈاکٹر کرسٹینا چونگٹو، شریمتی جی ڈی ارونا ریٹائرڈ آئی اے ایس اور شریمتی اے ایچ این کرانتی ویسلی منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن نے شرکت کی۔