حکومت کی جانب سے 15 ہزار میٹرک ٹن چاول کی تقسیم

   

وائرس کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ۔ پرشانت ریڈی کا خطاب
نظام آباد :26؍ مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)وزیر عمارات و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی نے ضلع کلکٹر نارائن ریڈی ، پولیس کمشنر مسٹر کارتیکیا کے عاوہ دیگر عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور اس موقع پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر مسٹر سی نارائن ریڈی نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں واقف کروایا ۔ بعدازاں انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بیرونی ملک سے آنے والے افراد رضاکارانہ طور پر اطلاع دیں اور کورئن ٹین منتقل ہوجائیں ۔ یہ وباء تیزی کے ساتھ پھیلنے کے امکانات ہیں لہذا حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر عمل کرتے ہوئے تعاون کریں ۔ انہوں نے عوام سے بھی خواہش کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں بیرونی ملک سے آنے والے افراد کی اطلاع متعلقہ عہدیداروں کو دینے کی خواہش کی ۔ تحصیلدار ، سب انسپکٹر کے ڈائیل 100 پر بھی اطلاع دے سکتے ہیں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ نظام آباد ضلع میں 2600 افراد بیرونی ملک سے آئے ہیں اور انہیں آئیسولیشن میں رکھیں ان پر نظر رکھی جارہی ہے تاکہ کوئی بھی وائر س سے متاثر نہ ہوسکے ۔ بیرونی ملک سے سے آنے والے افراد آئیسو لیشن میں رہنے کے بجائے باہر گھوم پھرنے کی صورت میں ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان پر مقدمات درج کرتے ہوئے انہیں کورئن ٹین سنٹر کو منتقل کیا جائیگا ۔ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے پلان بی کی عمل آوری کی جارہی ۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں یہ وباء پھیلنے کی صورت میں پلان بی پرعمل کرنا ہوگا۔ اس کیلئے کمیونٹی کورئن ٹین سنٹرس کو دستیاب رکھا گیا ہے اور 200 بستروں پر مشتمل آئیسو لیشن سنٹر ضلع میں قائم کئے گئے ہیں ضرورت پڑنے پر مزید 1300 بستروں میں اضافہ کیا جائیگا ۔ لہذا عوام حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر عمل کرتے ہوئے تعاون کریں ۔ مسٹر پرشانت ریڈی نے کہا کہ دیہی سطح پر بھی کمیٹیاں اور قائدین تعاون کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ضلع میں 15 ہزار میٹرک ٹن چاول تقسیم کیا جارہا ہے اور اب تک 8 ہزار میٹرک ٹن متعلقہ دکانات کو منتقل کیا گیا ہے باقی 7 ہزار میٹرک ٹن منتقل کیا جارہا ہے اور یہ چاول کی مفت میں تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے اور اس کے علاوہ 1500 روپئے بھی دئیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ لاک ڈائون کے موقع پر غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں اور گھروں تک ہی محدود رہیں ۔ ملازمین ، رضاکارانہ تنظیمیں اور منتخب نمائندے اس میں تعاون کریں ۔ بین ریاستی سرحدوں کو بند کردیا گیا ہے دیگر ریاستوں سے آنے والے افراد پر نظر رکھی گئی ہے اور ہر شخص سماجی دوری کو اختیار کریں ۔ ضلع میں 16 افراد پر شک ہونے پر معائنہ کئے گئے تھے ان میں سے 11 افراد کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے باقی 5 افراد کی رپورٹ حصول طلب ہے ۔ اس موقع پر کمشنر میونسپل کارپوریشن جتیش وی پاٹل ، اڈیشنل کلکٹر چندر شیکھر ، لتا ، ڈی ایم اینڈ ایچ او سدرشن کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔