حکومت کی جانب سے 20 ڈسمبر کو کرسمس ڈنر

   

وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود و پسماندہ طبقات کے ایشور نے آج عہدیداروں کے ہمراہ لال بہادر اسٹیڈیم میں حکومت کی جانب سے 20 ڈسمبر کو ترتیب دیئے گئے کرسمس ڈنر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ برسوں سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی جانب سے عیسائی خاندانوں کے لیے کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کے ایشور نے کہا کہ چیف منسٹر اس موقع پر شرکت کرتے ہوئے عیسائی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ انتظامات میں کوئی کوتاہی نہ رہے۔ انہوں نے بتایا غریب عیسائی خاندانوں میں ہر سال کرسمس کے موقع پر ملبوسات بطور تحفہ پیش کئے جاتے ہیں۔ ایشور نے بتایا کہ 14 مختلف محکمہ جات کی جانب سے کرسمس ڈنر کے انتظامات وسیع پیمانے پر کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری طور پر مناتی ہے تاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کا ماحول رہے۔ اس موقع پر مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم، صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن اکر حسین، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین، منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی اور دوسرے موجود تھے۔