حکومت کی خلاف عوام کی ناراضگی ، آر ڈی او کو یادداشت

   

بھینسہ ۔ 28 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ منڈل کے موضع گنڈے گاؤں کی عوام بشمول خواتین نے حکومت کے خلاف ناراضگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موضع گنڈے گاؤں اور پارڈی شاہراہ پر واقع ڈبل بیڈ روم مکانات سے بھینسہ تحصیل دفتر تک پیدل ریالی کی شکل میں پہنچ کر زبردست احتجاج منظم کیا ، جنکی تائید اور اظہار یگانگت کرتے ہوئے جناسینا پارٹی قائد مہیش بابو نے حصہ لیا اور کہا کہ موضع گنڈے گاؤں کی بازیابی اور عوام کی راحت کاری کے ریاستی حکومت ، مقامی رکن اسمبلی اور سرکاری عہدیدار جلد از جلد ٹھوس اقدامات کریں کیونکہ ہرسال بارش میں رنگا راؤ پلسیکر پراجیکٹ کا بیاک واٹر سے گاؤں سیلاب سے شدید متاثر ہوتا آرہا ہے جس پر متاثرین کو وقتیہ راحت فراہم کرتے ہوئے پارڈی شاہراہ پر موجود ڈبل بیڈ روم میں منتقل کیا گیا جہاں پر کافی دشواریاں پیش آرہی ہے اور دو روز قبل محکمہ برقی کے عہدیداروں نے برقی لائن منقطع کردی جس کے سبب عوام پریشان ہے اور رات کی تاریکی میں کئی مسائل اور جنگلی و زہریلے جانوروں سے خطرہ ہے ۔ انھوں نے موضع گنڈے گاؤں کے عوام کے مسائل کو مستقل حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے تحصیلدار چندرشیکھر ریڈی کو یادداشت بھی پیش کی اس موقع پر پولیس عہدیدار بھی موجود تھے۔