حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانا قائدین کی ذمہ داری : میناکشی نٹراجن

   

جئے بھیم، جئے سمویدھان مہم جاری رکھنے کوآرڈینیٹرس کو ہدایت، مہیش کمار گوڑ اور بھٹی وکرمارکا کی شرکت
حیدرآباد ۔ 23۔ جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے تنظیمی استحکام کے سلسلہ میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن نے آج گاندھی بھون میں مختلف کمیٹیوں کے اجلاس طلب کئے۔ انتخابی حلقوں کی از سر نو حد بندی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس صدرنشین ومشی چند ریڈی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ بعد میں جئے باپو ، جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم کے کوآرڈینیٹرس کا اجلاس منعقد ہوا۔ میناکشی نٹراجن ، مہیش کمار گوڑ ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، رکن کانگریس ورکنگ کمیٹی ومشی چند ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر جئے باپو ، جئے بھیم اور جئے سمویدھان مہم عمل آوری کا جائزہ لیا گیا ۔ میناکشی نٹراجن نے منڈل اور مواضعات کی سطح پر مہم جاری رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچانے کی ذمہ داری قائدین اور کارکنوں پر عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دستور کے تحفظ کے سلسلہ میں کانگریس کی مہم سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں شامل کرنا چاہئے ۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے عوام کی بھلائی کے لئے مختلف اسکیمات شروع کی ہیں۔ اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچنے چاہئے ۔ میناکشی نٹراجن نے ریاستی اور ضلعی سطح پر قائدین میں بہتر تال میل کی ہدایت دی اور کہا کہ سینئر اور جونیئر کے فرق کو ختم کرتے ہوئے پارٹی کے استحکام کیلئے مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کیا جائے۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ جئے سمویدھان مہم کے ذریعہ عوام کو سماجی انصاف اور دستوری حقوق سے واقف کرایا جائے۔ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کو کوآرڈینیٹرس سے کہا کہ وہ دیہی سطح پر جئے سمویدھان مہم کی تکمیل پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے وقفہ وقفہ سے جو ہدایات جاری کی جائیں گی ، ان پر عمل کیا جائے۔ 1