حکومت کی فلاحی اسکیمات کے لیے سینئیر سٹیزن کارڈ کار آمد

   

دفتر سیاست میں جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں کارڈس کی تقسیم کے موقع پر خطاب
حیدرآباد۔7مارچ(سیاست نیوز) ادارہ سیاست کی جانب سے چلائے جانے والے ’ سیاست ہلپ لائن‘‘ کی رہنمائی میںجاری کردہ تلنگانہ حکومت کے سینئر سٹیزن کارڈس کی ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہدعلی خان کے ہاتھوں‘ ادارہ سیاست میں تقسیم عمل میںآئی ہے۔بلاتفریق مذہب وملت رہنمائی کے بعد 70 سے زائد کارڈس کی اجرائی سیاست ہلپ لائن سنٹر کی نگرانی میںعمل لائی گئی ۔ اس موقع پر کوارڈینٹر سیاست ہلپ لائن سید خالد محی الدین اسد بھی موجود تھے۔ جناب زاہد علی خان نے ہلپ لائن سنٹر کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ جولوگ سینئر سٹیزن کارڈ حاصل کرنے کے لئے کسی وجہہ سے دفتر سیاست نہیںپہنچے انہیں بذریعہ پوسٹ مذکورہ کارڈس روانہ کریں۔ گذشتہ پانچ سال سے ادارہ سیاست کے ہلپ لائن سنٹرس کی جانب سے معمر شہریوں کے لئے سینئر سٹیزن کارڈس کے لئے رہنمائی کررہا ہے ۔ہلپ لائن سنٹر سے استفادہ کرنے والوں میں نہ صرف مسلمانوں بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سینئر سٹیزن کارڈس ریاست کے معمر شہریوں کی پہچان ہے۔ جس کے ذریعہ انہیںبس او رٹرین سوار میںرعایت کے ساتھ ٹکٹ بکنگ یا پھر بینک کی طویل قطار میں کھڑے رہنے کی ضرورت نہیں پڑتی ۔ بسوں او رٹرینوں میں معمر شہریوں کے لئے جگہ بھی محفوظ رہتی ہے ۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات حاصل کرنے میںبھی مذکورہ سینئر سٹیزن کارڈ کافی کارآمد ثابت ہوگا۔اب تک ادارہ سیاست کے ہلپ لائن سنٹر کی جانب سے ہزار وں کی تعداد میںکارڈس تقسیم کئے گئے ہیں۔ کارڈ حاصل کرنے والوں نے ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خان کا شکریہ ادا کیا ۔