خانگی تعلیمی اداروں میں من مانی فیس، سرکاری مدارس میں سہولتوں کا فقدان: عبداللہ سہیل
ورنگل۔/11ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عبداللہ سہیل ریاستی صدر کانگریس پارٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ نے ڈسٹرکٹ کانگریس پارٹی آفس ورنگل میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت غریب طبقہ کے عوام کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے میں تساہل سے کام لے رہی ہے۔ پرائیویٹ اداروں کو حکومت کی جانب سے کھلی چھوٹ ہے، حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں غریبوں کے بچے معیاری تعلیم حاصل نہیں کررہے ہیں اور بروقت اسکولس اور کالجس میں فیس داخل نہ کرنے کی صورت میں بچوں کو کلاس روم سے باہر کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ آج تعلیم تجارت بن چکی ہے، سرکاری مدارس میں بنیادی سہولتیں نہیں ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت خاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے حکومت کے دعوے کھوکھلے ثابت ہورہے ہیں کانگریس پارٹی حکومت کی لاپرواہی کے تعلق سے عوام کو واقف کروائے گی تاکہ غریب بچوں کو تعلیم حاصل کرنے میں سہولت پیدا ہوسکے۔ کانگریس پارٹی ان کے حق کیلئے آواز بلند کرے گی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کانگریس پارٹی صدر نائنی راجندر ریڈی اسٹیٹ ٹی پی سی سی سکریٹری راحت پروین، ڈسٹرکٹ میناریٹی سیل صدر محمد ایوب ، گریٹر ورنگل کانگریس پارٹی صدر مرزا عزیز اللہ بیگ، سابق کارپوریٹر نسیم جہاں، سابق صدر میناریٹی سل عبیداللہ، رضیہ سلطانہ، محمد خیر الدین، سید اصغر، محمد قیوم و دیگر کانگریس اقلیتی قائدین موجود تھے۔