زیرو ٹکٹ کی اجرائی ، حکومت سے کارپوریشن کو تاحال 54 کروڑ روپیوں کی ادائیگی
حیدرآباد۔24۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے مفت بس خدمات کی فراہمی کے فیصلہ کے بعد تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں میں سفر کرنے والوں کی 70 فیصد آبادی دونوں شہروں میں خواتین ہیں جو حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ کر رہی ہیں۔ریاست میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد شروع کی گئی مہالکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو بس میں مفت سفر کی اسکیم پر 9 ڈسمبر سے عمل آوری کا سلسلہ شروع کیا گیا ۔بتایاجاتا ہے کہ آر ٹی سی کے عہدیداروں نے دونوں شہروں میں اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران کہا کہ حکومت کی جانب سے اسکیم کے آغاز کے بعد سے شہر حیدرآباد اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں مفت بس کے سفر کی سہولت سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور 70 فیصد مسافرین ایسے ہیں جو کہ ’’زیروٹکٹ ‘‘ استعمال کرتے ہوئے سفر کر رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے مفت بس کے سفر کی اسکیم کے آغاز کے بعد سے بس مسافرین کی تعدا دمیں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے اور دونوںشہروں میں یومیہ 20لاکھ افراد بس کے ذریعہ سفر کر رہے ہیں جن میں 14لاکھ خواتین ہیں کیونکہ انہیں زیرو ٹکٹ جاری کیا جا رہاہے۔عہدیدارو ںکے مطابق شہری علاقوں میں بس کے سفر سے استفادہ کرنے والوں میں محض 30 فیصد ایسے مسافرین ہیں جو کہ ٹکٹ خرید کر بسوں میں سفر کر رہے ہیں جبکہ 70 فیصد مسافرین حکومت کی مفت خدمات سے استفادہ کر رہی ہے۔ 9 ڈسمبر کو ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی مہالکشمی اسکیم کے بعد سے اب تک جملہ 54کروڑ ’زیرو ٹکٹ‘ جاری کئے گئے ہیں اور دونوں شہروں میں خواتین اس اسکیم کے استعمال کے ذریعہ کافی بچت کررہی ہیں۔ آر ٹی سی عہدیدارو ںکے مطابق حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے حدود میں یومیہ 16 لاکھ خواتین اس اسکیم سے استفادہ کر رہی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی بس خدمات کے سلسلہ میں طالبات کا کہناہے کہ اب انہیں بس پاس کے لئے قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ اپنے آدھار کارڈ کے ساتھ بہ آسانی سفر کر سکتی ہیں ۔ اس کے علاوہ گھریلو خواتین کی جانب سے مفت سہولت سے استفادہ کے لئے بسوں کے ذریعہ سفر کرنے لگی ہیں جو کہ خواتین کوبااختیاربنانے میں اہم ثابت ہورہا ہے ۔3