حکومت کی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کو بی آر ایس بے نقاب کریگی : کے ٹی آر

   

سلور جوبلی جلسہ عام کی کامیابی کے بعد اب کیڈر حکومت سے آر پار لڑائی کے لیے تیار ہوجائے
حیدرآباد۔ 29 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ ورنگل میں ہوئے بی آر ایس کے سلور جوبلی جلسہ کی کامیابی سے پارٹی کارکنوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اُن میں نیا جوش و خروش پیدا ہوا ہے۔ مستقبل میں بی آر ایس پارٹی ، حکومت کی ناقص کارکردگی اور ناانصافیوں کو مزید بے نقاب کرے گی۔ کے ٹی آر نے بی آر ایس پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا۔ جلسہ عام کی کامیابی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ساتھ ہی جلسہ عام کو کامیاب بنانے پر تلگو عوام سے اظہار تشکر بھی کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ لاکھوں عوام نے جلسہ عام میں شریک ہوکر بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ساتھ ہی بی آر ایس پارٹی سے اپنی اَٹوٹ وابستگی کو ظاہر کیا ہے۔ جلسہ عام میں شامل ہوتے ہوئے عوام نے یہ پیغام دیا ہے کہ ریاست میں بی آر ایس پارٹی کی آئندہ حکومت قائم ہوگی۔ ملک کی سیاسی تاریخ کے سب سے بڑے جلسوں میں بی آر ایس پارٹی کا سلور جوبلی جلسہ عام شامل ہوگیا ہے۔ ٹریفک کو کنٹرول کرنے میں محکمہ پولیس پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ بی آر ایس پارٹی کی جانب سے ڈسپلین برقرار رکھتے ہوئے اور ایک پرامن جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا جس سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ بی آر ایس کا ورکر پارٹی کے اصولوں اور ڈسپلین کا پابند ہے۔ کے ٹی آر نے مزید کہا کہ گزشتہ دو مہینوں سے جلسہ عام کی تیاری کرنے والے پارٹی کے تمام قائدین بالخصوص متحدہ ضلع ورنگل کے پارٹی قائدین سے اظہار تشکر کیا ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ پارٹی نے حکومت کو دیڑھ سال کی مہلت دی ہے، اس کے باوجود حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ اب یہاں سے بی آر ایس پارٹی، حکومت کے خلاف آرپار کی لڑائی لڑیں گے۔ عوامی مسائل کو حل کرانے میں بی آر ایس ایک بہتر اپوزیشن کا رول ادا کرے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو عوامی جدوجہد کیلئے کمربستہ ہوجانے کا مشورہ دیا۔ حکومت کی ناکامیوں کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے پارٹی کارکن اہم رول ادا کریں۔ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کو میڈیا کے ذریعہ بے نقاب کیا جائے گا۔ 2