حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے مہیلا کانگریس قائدین کو ہدایت

   

قومی صدر کا دورہ حیدرآباد، قبائیل کے حق میں 10 روزہ پروگرامس
حیدرآباد۔یکم ؍ اگسٹ ،( سیاست نیوز) مہیلا کانگریس کی قومی صدر این ڈیسوزا نے آج حیدرآباد میں مہیلا کانگریس کے پارلیمانی حلقوں کے مبصرین اور اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے اسمبلی انتخابات کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مہیلا کانگریس قائدین کو ہدایت دی کہ حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم چلائیں۔ خواتین کے ساتھ ناانصافیوں اور مظالم کے واقعات کے خلاف مہیلا کانگریس کو احتجاج کرنا چاہیئے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این ڈیسوزا اور صدر تلنگانہ مہیلا کانگریس سنیتا راؤ نے کے سی آر حکومت پر خواتین کی بھلائی کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں خواتین بالخصوص قبائیل پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ منی پور میں آدی واسی خواتین پر مظالم کے خلاف 3 اگسٹ کو دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9 اگسٹ کو یوم قبائیل کے موقع پر کانگریس پارٹی ملک بھر میں اظہار یگانگت کے طور پر پروگرام منعقد کرے گی۔6 اگسٹ کو مہیلا کانگریس کی قائدین آدی واسی تانڈوں میں قیام کریں گے۔8 اگسٹ کی شام موم بتیوں کے ساتھ مظاہرہ کیا جائے گا جبکہ 9 اگسٹ کو آدی واسی مہا سبھا کا اہتمام کیا جائے گا۔ آئندہ ماہ کانگریس پارٹی ایس ٹی ڈیکلریشن جاری کرے گی۔